سرینگر//گورنر ستیہ پال ملک نے سلامتی سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں جنگجو مخالف آپریشنوں کے دوران معیاری عملیاتی ضابطے( سٹینڈاڈ آپریشن پروسیجرSOP) پر مکمل عملدرآمد کرنے کی ہدایات دی ہیں۔گورنر نے کہا کہ آپریشنوں کے دوران لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے سیکو رٹی فورسز کو نہ صرف آپسی تال میل رکھنا لازمی ہے بلکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ وقوع پذیر ہونے یا پھر امن و قانون کی صورتحال پیدا ہونے کے موقعہ پر سیول انتظامیہ کیساتھ بھی تال میل رکھا جائے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شمالی کمان ہیڈکوارٹر ادہمپور میں ایک اعلیٰ سطحی سلامتی میٹنگ میں ریاست کی مجموعی صورتحال کا احاطہ کیا گیا جس میں پنچایتی و بلدیاتی انتخابات،دراندازی اور حال ہی میں دہشت گردانہ مخالف کاروائیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنر نے شہری ہلاکتوں اور جائیداد کے نقصان کی روکتھام کیلئے فوج اور سلامتی دستوں کی طرف سے سٹینڈرڈ اوپریٹنگ پروسیزرس پر عمل پیرا ہونے کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے میٹنگ میں موجود افسران پر زور دیا کہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے دوران طاقت کا کم سے کم استعمال کیا جائے ۔ انہوں نے آرمڈ فورسز اور ریاستی پولیس کو سول انتظامیہ کے ساتھ بہتر تال میل پر بھی زور دیا تا کہ مشکل صورتحالوں سے موثر طریقے پر نمٹا جا سکے اور شہریوں کی قیمتی جانوں کے زیاں سے بھی بچا جا سکے ۔ گورنر نے کہا کہ حالیہ بلدیاتی و پنچایتی انتخابات پر امن طور پر اختتام پذیر ہوئے لہٰذا ہمیں انکے ثمرات حاصل کرنے کیلئے عوامی تعاون حاصل کرنا لازمی ہے تاکہ اس تعاون کو آنے والے پارلیمانی انتخابات میں استعمال کیا جائے۔انہوں نے پلوامہ ہلاکتوں پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی صورتحال سے بہر صورت بچا جائے کیونکہ کوئی ایک بھی واقعہ امن کی جانب کئے گئے اقدامات پر پانی پھیرنے کے مترادف ہے۔گورنر نے اہم افراد کی سلامتی کے ساتھ ساتھ تمام اہم تنصیبات کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے مزید چوکسی برتنے پر بھی زور دیا۔ اس میٹنگ میںریاستی انتظامیہ ، پولیس ، فوج ، نیم فوجی دستوں اور مرکزی سراغرساں ایجنسیوں کے اعلیٰ افسروں بھی موجود تھے۔میٹنگ میں گورنر کے مشیر کے وجے کمار ، فوج کے شمالی کمانڈر لیفٹنٹ جنرل رنبیر سنگھ ، چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ، ڈی جی پی دلباغ سنگھ ، 15ویں کور کے لیفٹنٹ جنرل اے کے بھٹ ، 16 ویں کور کے جی او سی لیفٹنٹ جنرل پرم جیت سنگھ ، 9 ویں کور کے جی او سی لیفٹنٹ جنرل وائی وی کے موہن ، گورنر کے پرنسپل سیکرٹری امنگ نرولہ ، پرنسپل سیکرٹری داخلہ آر کے گوئیل ، اے ڈی جی پی سی آئی ڈی بی سرینواسن ، اے ڈی جی پی سیکورٹی اینڈ لاء اینڈ آرڈر منیر خان ، آئی جی سی آر پی ایف اے وی چوہان ، آئی جی بی ایس ایف کشمیر ابھینو کمار ، ڈویژنل کمشنر جموں سنجیو ورما اور آئی جی پی جموں ایس ڈی ایس جموال بھی موجود تھے ۔