نئی دہلی //سرنو پلوامہ میں سنیچر کو فوج کی جانب سے مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 7شہریوں کی ہلاکت کیخلاف پی ڈی پی ممبرپارلیمنٹ نے پارلیمان کے احاطے میںاحتجاج کیا۔راجیہ سبھا ممبر میرفیاض احمدمنگل کی صبح جب پارلیمنٹ کے احاطے میں پہنچے اور میڈیا کی توجہ مبذول کراتے ہوئے اپنی جیکٹ کھول دی اور خاموش احتجاج کیا۔ انہوں نے ٹی شرٹ پہنی تھی جس پر شہری اموات کی مناسبت سے سرخ عبارت لکھی گئی تھی۔ممبرپارلیمنٹ کی ٹی شرٹ پرلکھاتھا’’کشمیرمیں ہلاکتیں بندکرو،کشمیرمیں خون خرابہ بندکرئو‘۔ممبرپارلیمان فیاض احمدمیرنے اس موقعہ پرہاتھ میں کاغذکاایک پلے کارڈبھی اُٹھارکھاتھاجس پربھی یہی لکھاتھاکہ کشمیرمیں ہلاکتیں بندکرئواورکشمیرمیں خون خرابے کے سلسلے کوروک دئو۔ جموں وکشمیرکی علاقائی مین اسٹریم جماعت پی ڈی پی نے اپنے آفیشل یاتنظیمی ٹویٹرہینڈل پرممبرپارلیمنٹ فیاض احمدمیرکی احتجاج کرتے ہوئے تصویراَ پ لوڈ کی ۔ٹویٹرپرلکھاتھاکہ ایم پی فیاض احمدمیرنے پارلیمنٹ ہائوس کے احاطے میں کشمیرمیں جاری ہلاکتوں اورخون خرابے کیخلاف اپنااحتجاج درج کرانے کیلئے آوازبلندکی ۔خیال رہے کہ پیر کو پی ڈی پی کے کچھ سابق اراکین اسمبلی نے جموں سیکریٹریٹ احاطے میں ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا کر پلوامہ شہری ہلاکتوں کیخلاف مظاہرے کئے تھے۔