سرینگر/پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے سینئر لیڈران سید بشارت بخاری اور پیر محمد حسین بدھ کو باضابطہ طور نیشنل کانفرنس میں شامل ہوگئے۔
بخاری، محبوبہ مفتی کی سربراہی والی سرکار میں کابینہ وزیر تھے جبکہ حسین نے وقف بورڈ چیئر مین کی حیثیت سے خدمات انجام دی ہیں۔ دونوں کو گذشتہ روز پی ڈی پی نے ''پارٹی مخالف سرگرمیاں انجام دینے کی پاداش میں'' بنیادی رکنیت سے خارج کردیا ۔
بخاری اور حسین کی نیشنل کانفرنس میں شمولیت کی غرض سے آج سابق وزرائے اعلیٰ فاروق عبد اللہ اور عمر عبد اللہ کی موجودگی میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔
بخاری نے اس موقع پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ محبوبہ مفتی کی تذلیل کرنا نہیں چاہتے اس لئے اُنہوں نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔
انہوں نے کہا''محبوبہ جی کے قد تک پہنچنا میرے لئے ممکن نہیں ہے۔ میں کیوں اُنہیں بار بار تنگ کرتا۔ میں اُن کی تذلیل نہیں کرنا چاہتا اس لئے اُن کی عزت کیلئے میں نے پارٹی چھوڑ دی۔''
پیر حسین نے نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ اُن کیلئے پی ڈی پی چھوڑنا کوئی آسان فیصلہ نہیں تھا لیکن صورتحال ہی ایسی بن گئی تھی کہ اُنہیں یہ فیصلہ لینا پڑا۔