سرینگر//لیہہ اورکرگل سمیت وادی میں سال 2019ء کے لئے نئی اسٹامپ ڈیوٹی شرحیں یکم جنوری سے لاگو ہوں گی۔نئی اسٹامپ ڈیوٹی شرحوں کو طے کرنے کے لئے صوبائی کمشنر کشمیربصیراحمد خان کی صدارت میں ایک میٹنگ منعقدہوئی جس دوران مارکیٹ ویلیو کے جائزے،رہنماخطوط اورقواعد وضوابط کو ملحوظ نظر رکھتے ہوئے اسٹامپ ڈیوٹی کے لئے نئی شرحیں طے کی گئیں۔اس موقعہ پر لیہہ اور کرگل سمیت وادی کے تمام اضلاع کے ترقیاتی کمشنروں کی طرف سے وضع کئے گئے ریٹس کے تحت ہی نئی شرحیں طے کی گئیں۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ کاموں کی نوعیت کے تحت ہی اسٹامپ ڈیوٹی کی شرحیں لاگو کی جانی چاہئیں۔انہوںنے کہا کہ اس مقصد کے لئے وضع کردہ رہنماخطوط اورضوابط کو ملحوظ نظر رکھا جانا چاہیے۔انہوںنے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ جائیداد کی اصل قیمت کے تحت ہی اسٹامپ ڈیوٹی لاگو کی جانی چاہیے۔انہوںنے مزید کہا کہ شرحیں آسان اورمنصفانہ طریقے پر لاگو کی جائیں جو کہ عملدر آمد کے لئے آسان ہوں۔میٹنگ میں ترقیاتی کمشنر سرینگر،کپوارہ،ایڈیشنل انسپکٹرجنرل رجسٹریشن،ڈپٹی کمشنراسٹامپس،چیف انجینئر اور آر اینڈ بی،چیف ٹائون پلانر،اسسٹنٹ کمشنر (سینٹرل) اوراسسٹنٹ کمشنر مال کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران موجود تھے۔جب کہ وادی کشمیر کے علاوہ کرگل کے ترقیاتی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میںشرکت کی۔