سرینگر /اشفاق سعید /منگل کو بھی وادی میں سردی کی شدید لہر جاری رہی اس بیچ محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ نئے سال کے آغاز تک برف باری کا کوئی امکان نظر نہیں آرہاہے ۔گذشتہ 15روز سے وادی میں شدید سردی کی شدید لہر جاری ہے جس کے نتیجے میں جھیل ڈل کے ساتھ ساتھ دیگر آبی ذخائر بھی منجمد ہو جاتے ہیں۔وادی میں خشک موسم کے چلتے جہاں دن میں ہلکی دھوپ چھائی رہتی ہے تاہمشام ہوتے ہیں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے چلا جاتا ہے ۔ سرینگر میں سوموار اور منگل کی درمیانی رات کاکم سے کم درجہ حرارت منفی 5.5ڈگری سیلسیش ریکارڈ کیا گیا جبکہ پہلگام اور گلمرگ کا کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 7.7 اور منفی 7.6ڈگری سیلشیس درج کیا گیا۔اسی طرح لداخ خطے کے دراس علاقے میں بھی شدید سردی جاری ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی19.5ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیااور سخت سردی کے پیش نظر وہاں کی آبادی گھروں میں ہی محصور ہے ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق لداخ خطہ کے قصبہ لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ کرگل کا درجہ حرارت منفی14.2ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیااور اس طرح یہ علاقے بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں ۔اس دوران محکمہ موسمیات نے آنے والے ایک ہفتے تک موسم خشک رہنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران رات کے کم سے کم درجہ حرارت میں مزید گراوٹ آسکتی ہے ۔محکمہ کے مطابق نئے سال کے آغاز تک وادی میں برف باری کا کوئی بھی امکان نہیں ہے ۔