سرینگر/ضلع بانڈی پورہ کے کوئل مقام نامی گائوں کے ایک گھرانے نے بدھ کو کہا کہ اُن کا بیٹا نوئیڈا کے ایک کالیج سے لاپتہ ہوا ہے۔
متعلقہ گھرانے نے لاپتہ ہوئے طالب علم کی شناخت سید باسط حسین (22) ولد سید نصیر حسین کے طور کرتے ہوئے کہا کہ وہ نوئیڈا کالیج ،جہاں وہ زیر تعلیم ہے، سے13دسمبر سے لاپتہ ہے۔
سید نوئیڈا کے کالیج میں گذشتہ اڑھائی برس سے بی بی اے کی ڈگری حاصل کررہا ہے۔
سید باسط ایشیا سکول آف بزنس، نوئیڈا کا طالب علم ہے جہاں سے وہ تین پرچوں کا امتحان دینے کے بعد لاپتہ ہوا ہے۔
باسط کے والد کے مطابق 13دسمبر کو اُس کے بیٹے کو چوتھے پرچے کا امتحان دینا تھا، تاہم وہ اچانک لاپتہ ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں نوئیڈا میں متعلقہ تھانے کے اندر شکایت درج کرائی گئی ہے اور آلوسہ بانڈی پورہ کے پولیس سٹیشن کو بھی مطلع کیا گیا ہے۔