سرینگر/پیپلز کانفرنس کے چیئر مین اور سابق منسٹر سجاد لون نے بدھ کو الزام عائد کیا کہ ایک غیر ریاستی پولیس آفیسر (آئی پی ایس) کشمیر میں انتخابی سیاست کا حصہ بن رہا ہے اور وہ عنقریب اُس کا نام منظر عام پر لارہے ہیں۔
سجاد لون نے ایک ٹویٹ میں لکھا'' اے ڈی جی پی رینک کا ایک آئی پی ایس آفیسر انتخابی سیاست کا حصہ بن رہا ہے۔ اُس نے کچھ ایس پیز اور ڈی ایس پیز کو بھلا کر اپنے من پسند لیڈر کے حق میں ہوا کھڑا کرنے کی ترغیب دی ہے۔ اُس کانام عنقریب منظر عام پر لائوں گا۔ لیکن اُمید ہے کہ وزیر اعظم مودی اور جموں کشمیر کے گورنر اس کا نوٹس لیں گے''۔
سابق آزادی پسند لیڈر اور اب بھاجپا کے حمایت یافتہ سجاد لون نے کہا کہ اگر مذکورہ پولیس آفیسر سیاست میں دلچسپی رکھتا ہے اور الیکشن میں حصہ لینا چاہتا ہے تو اُسے اپنی ریاست میں جاکرایسا کرنا چاہئے۔