میلبورن/ مینک اگروال (76 رن) کی ڈیبو میچ میں شاندار نصف سنچری اننگز کے بعد چتیشور پجارا اور کپتان وراٹ کوہلی کے مابین تیسرے وکٹ کے لئے 92 رن کی ناٹ آوٹ شراکت کی بدولت ہندوستان نے آسٹریلیا کے خلاف آج تیسرے باکسنگ ڈے ٹسٹ کے پہلے دن اسٹمپس تک دو وکٹ کے نقصان پر 215 رن جوڑ لئے ہیں۔ ہندوستان نے یہاں میلبورن کرکٹ گراونڈ (ایم سی جی) میدان پر ٹاس جیتنے کے بعد پہلی بلے بازی کا فیصلہ کیا اور اپنی پہلی اننگز میں دن کے اختتام تک 89 اوور میں دو وکٹ کے نقصان پر 215 رن بنالئے ۔ مینک نے 76 رن بنائے جبکہ پجارا 68 رن اور وراٹ 47 رن بناکر کز پر موجود ہیں۔ ہندوستان کے آٹھ وکٹ باقی ہیں۔آسٹریلیا کے لئے تیزگیندبازپیٹ کمنس نے 19 اوور میں 40 رن پر دووکٹ حاصل کئے جبکہ دیگر کوئی گیندباز کامیاب نہیں رہا۔ ٹیم انڈیا چار میچوں کی سیریز میں گزشتہ میچ ہار کر1۔1 سے برابری پر آگئی تھی اور اس مرتبہ ٹیم نے لوکیش راہل اور مرلی وجے کی تجربہ کار جوڑی کے بجائے ہنوما وہاری اور مینک کی نئی اوپننگ جوڑی کو موقع دیا جنہوں نے پہلے وکٹ کے لئے 40 رن جوڑے ۔ ہندوستان پرتھ میں 146رن سے ہارنے کے بعد سیریز میں برابری پر آگیا تھا۔ مڈل آرڈر کے بلے باز ہنوما فارم میں نظر نہیں آئے اور انہوں نے 66 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے صرف 8 رن جوڑے ۔ انہیں پیٹ کمنس نے آرون فنچ کے ہاتھوں کیچ آوٹ کراکر 19 ویں اوور میں ہندوستان کا پہلا وکٹ حاصل کیا۔ اپنا ڈیبو میچ کھیلنے والے بلے باز مینک اگروال نے اس ساجھیداری کے ٹوٹنے کے بعدمحتاط انداز میں کھیلتے ہوئے پجارا کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے 83 رن جوڑے ۔ مینک نے 161 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے آٹھ چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 76 رن بنائے ۔ کرناٹک کے 27 سالہ بلے باز طویل عرصے سے ٹسٹ ٹیم میں جگہ بنانے کا انتظار کررہے تھے اور انہوں نے باکسنگ ڈے ٹسٹ میں ملے اس شاندار موقع کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹسٹ کیریر کی پہلی نصف سنچری 95 گیندوں میں مکمل کی ۔کمنس نے 55 ویں اوور میں چائے کے وقفے سے قبل کپتان ٹیم پین کے ہاتھوں مینک کو کیچ آوٹ کراکر ہندوستان کا دوسرا اہم وکٹ حاصل کیا۔ ہندوستان نے چائے کے وقفے تک 123 کے اسکور پر دو وکٹ گنوائے ۔مینک نے اس اسکور کے ساتھ ہی آسٹریلیا میں ڈبیو میچ میں سب سے زیادہ اسکور بنانے والے ہندوستان بلے باز بننے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ اس سے پہلے دسمبر 1947 میں دتو فڈکر نے 51 رن کے ساتھ یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔مینک اور پجارا کی نصف سنچری اننگز ٹوٹنے کے بعد ہندوستان کے کپتان اور نمبر ایک ٹسٹ بلے باز وراٹ نے پجاراکے ساتھ ساجھیداری کو آگے بڑھایا اور پہلے دن کے اختتام تک پھر ہندوستان کو کوئی نقصان نہیں ہونے دیا۔ پجارا نے 200 گیندوں کی اننگز میں چھ چوکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 68 رن بنائے جو ان کی 21 ویں ٹسٹ نصف سنچری بھی ہے ۔دوسری طرف وراٹ نے 107 گیندوں کا سامنا کیا اور چھ چوکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 47 رن بنائے ۔ وراٹ اور پجارا نے تیسرے وکٹ کے لئے 92 رن کی ناٹ آوٹ ساجھیداری کی جو دونوں بلے بازوں کے مابین موجودہ سیریز میں سب سے بڑی رفاقت بھی ہے ۔ اسی کی بدولت ہندوستان نے پہلی اننگز میں دن کے اختتام تک دو وکٹ کے نقصان پر 215 کا مضبوط اسکور بنالیا جبکہ اس کے آٹھ وکٹ محفوظ ہیں اور ابھی وہ اچھی پوزیشن میں نظر آرہا ہے ۔