ماسکو//ماں بننا ہر طرح کے حالات میں دنیا کا سب سے بڑا اعزاز ہے جو کسی خاتون کو ملتا ہے مگر کچھ ماں کے لیے یہ کسی کرشمے جیسا ہوتا ہے۔ مگر 2 ، 4 یا 10 سے زیادہ بچوں کو جنم دینے کا حوصلہ کس خاتون میں ہوسکتا ہے؟ بلکہ کیا کوئی خاتون 20 یا 30 سے زیادہ بچوں کی ماں بن سکتی ہے؟ تو اس کا جواب گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں ملتا ہے جس کے مطابق دنیا میں ایک خاتون ایسی گزری ہیں جن کے بچوں کی تعداد کے بارے میں جان کر منہ کھلا کا کھلا رہ جاتا ہے۔ درحقیقت 18 ویں صدی میں ایک روسی کسان فیوڈور واسیلیو کی اہلیہ کے پاس 69 بچوں کو جنم دینے کا ریکارڈ ہے۔ روس کے علاقے Shuya سے تعلق رکھنے والے اس خاتون نے 27 زچگیوں میں 69 بچوں کو جنم دیا جو کہ سننے میں ہی ناقابل یقین لگتا ہے۔ مگر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق اس خاتون نے 16 بار جڑواں بچوں، 7 بار 3 بچوں جبکہ 4 بار 4 بچوں کو بیک وقت جنم دیا۔ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق متعدد ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ یہ ناقابل یقین کہانی سچی ہے اور وہ خاتون سب سے زیادہ بچوں کو جنم دینے والی ماں ہیں۔ ان خاتون کا نام تو معلوم نہیں مگر 27 فروری 1782 کو Nikolsk کی خانقاہ ہر پیدائش کا ریکارڈ اکھٹا کرتی تھی اور اس نے ماسکو کو اس بارے میں رپورٹ کرتے ہوئے بتایا تھا کہ 1725 سے 1765 کے درمیان اس خاتون نے 69 بچوں کو جنم دیا۔