سرینگر// تعلیمی اداروں کے ساتھ اپنے رشتے کو پروان چڑھاتے ہوئے اور نو جوانوں کی مالی خود کفالت کا لحاظ رکھتے ہوئے جموں و کشمیر بینک نے سینٹرل یونیورسٹی جموں کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کئے ،جس کے تحت یونیورسٹی کے مرکزی کیمپس میں جدید سہولیات سے لیس بنک کی ایک شاخ کھولی جائے گی۔ اس برانچ میں یونیورسٹی طلباء ،ا سکالرس اور یونیورسٹی عملے کیلئے ڈجٹل بنکنگ سہولیات کے علاوہ تفریح کے مختلف ذرائع بھی مہیا ہوںگے۔ معاہدے کے تحت طلباء کیلئے انفارمیشن سینٹر، انڈور تھیٹر، کافی ہاوس، سمینار روم اور ڈجٹل بنکنگ لابی فراہم کی جائیگی۔ بنک کی طرف سے زونل ہیڈ جموں سنٹرل نارجے گُپتا اور یونیورسٹی کی طرف سے رجسٹرار سینٹرل یونیورسٹی جموں ڈاکٹر روی کمار نے معاہدے پر دستخط کئے۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر اشوک ایما ، بینک کے کلسٹر ہیڈ سانبہ سنجے گُپتا اور برانچ ہیڈ راہیا سنیل دت بھی موجود تھے۔پروفیسر ایما نے جے کے بینک چیئرمین اور سر پرست اعلیٰ پرویز احمد اور اُنکی ٹیم کو اس قدم پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک کی طرز پر ہندوستانی یونیورسٹیوں کو بھی بڑے کارپوریٹ اداروں کے ساتھ مل کر چلنا چاہئے تاکہ تعلیم کے ذریعے سماج اور معاشی ترقی ممکن ہوسکے ۔ انہوں نے امید جتائی کہ اس آپسی معاہدے سے یونیورسٹی اپنے تعلیمی اور تحقیقی مراحل میں اور زیادہ ترقی کرے گی۔