سرینگر //کافی عرصے بعد اس بار میٹرک کے سالانہ امتحان میں لڑکیوں کے مقابلے میں لڑکوںنے کامیابی کی شرح میں نمایاںبہتری دکھائی ہے۔ جے اینڈکے سٹیٹ بورڈ آف سکول ایجوکیشن کی طرف سے لئے گئے کشمیر صوبے کے دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان سنیچر کو کیا گیا ۔یہ نتائج 45دنوں کے ریکارڈ وقت میں تیار کئے گئے ۔ اس امتحان میں مجموعی طور پر کامیابی کی کل شرح 75.44فیصد درج کی گئی جس میں لڑکوں نے 76.41اور لڑکیوں نے 74.40 فیصد کے ساتھ کامیابی اپنے نام کر لی ۔صوبہ کشمیر میں کل ملا کرطلبہ نے تحریری امتحا نات میں شرکت کی جن میں 28ہزار 6سو 36لڑکے اور 26ہزار 8سو 36لڑکیاں شامل تھیں ۔بورڈ ذرائع نے بتایا کہ تحریری امتحان میں کل 55472طلاب میں سے 38ہزار 9سو 39نے کامیابی درج کی جبکہ 13ہزار5سو 93 طلباء ناکام رہے۔ اسی طرح 2907طلباء کے نمبرات کی شرح کم تھی تاہم انہیں بہتر کرنے کی ضرورت ہے ۔بورڈ آف سکول ایجوکیشن کے ذرائع نے مزید بتایا کہ سرکاری سکولوں میں کل 26089 طلاب نے اس امتحان میں شرکت کی جس میں سے 16621پاس قرار دئے گئے اور یہاں شرح 63.71درج کی گئی۔ اسی طرح نجی سکولوں کے 29383طلباء نے امتحان میں شرکت کی جس میں 25225نے کامیابی حاصل کی ۔بورڈ ذرائع نے بتایا کہ پلوامہ میں 84.50فیصد ، شوپیاں 83فیصد، سری نگر میں 81.90فیصد ، کولگام میں 80.5فیصد ، اننت ناگ میں 78فیصد ، بارہمولہ 74.84فیصد ، گاندربل میں 73.16 فیصد ، بڈگام میں 72.79فیصد ، کپواڑہ میں 62.92فیصداور بانڈی پورہ میں 62.26 فیصد امید وار کامیاب قرار دئیے گئے ۔اس امتحان کے دوران 8طلباء۔۔۔ انفیر مینس آئے ہیں 15کا امتخان منسوخ کیا گیا ہے 8طلباء کو ایک سال کیلئے اور 2طلباء کو 2برسوں کیلئے نااہل قرار دیا گیا ہے۔ اسی طرح 77طلباء کے مضامین منسوخ کئے گئے ۔ محکمہ کے حکام کا کہنا ہے کہ اس بار کافی محنت سے نتائج کا اعلان وقت پر کیا گیا ۔ بورڈ آف سکول ایجوکیشن کی چیئرپرسن وینہ پنڈتا کا کہنا ہے کہ وہ نتائج سے مطمئن ہیں کیونکہ گذشتہ سال کے مقابلے میں اس سال کے نتائج میں بہتری آئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال کے مقابلے میں یہ شرح 62.94سے بڑھ کر اس سال 75.44تک پہنچ گئی ہے ۔چیئرمین کے مطابق گذشتہ سال کے مقابلے میں اس سال سرکاری سکولوں نے امتحان میں بہتری دکھائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال جہاں سرکاری سکولوں نے 46.70فیصد کامیابی درج کی تھی تاہم اس سال ان سکولوں کے طلاب نے 63.71 فیصد کامیابی درج کی ہے۔کامیاب ہونے والے طلباء کو گور نرکے مشیر خورشید احمد گنائی ، سیکریٹری سکول ایجوکیشن اجیت کمار ، بورڈ چیئرمین پروفیسر وینہ پنڈتا ، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو ، کے علاوہ دیگر اعلیٰ افسران نے مبارک باد پیش کی ہے۔ اس دوران کامیاب ہونے والے طلاب کو لوگوں نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ فیس بک اور وٹس اپ پر بھی مبارک باد پیش کی ہے ۔