ملبورن؍ہندوستان نے اتوار کو پانچویں اور آخری دن صبح کا سیشن بارش سے دھل جانے کے باوجود آسٹریلیا کے بچے ہوئے باقی دو وکٹ جلدی نکالتے ہوئے تیسرا ٹسٹ 137 رنز سے جیت کر چار میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری بنا لی اور بارڈر-گواسکر ٹرافی پر اپنا قبضہ برقرار رکھا۔آسٹریلیا نے 399 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے چوتھے دن کے اختتام تک آٹھ وکٹ پر 258 رن بنا کر ہندوستان کا انتظار بڑھادیا تھا۔ پانچویں دن صبح کا سیشن بارش کی وجہ سے دھل گیا جس سے خدشات پیدا ہونے لگے تھے لیکن جیسے ہی کھیل شروع ہوا ہندوستانی تیز گیند بازوں نے آسٹریلیا کی اننگز کو 261 رن پر سمیٹ کر ہندوستان کی جھولی میں تیسری تاریخی جیت ڈال دی۔ ہندوستان نے 4.3 اوور میں بچے ہوئے دونوں وکٹ نکال کر میزبان ٹیم کی جدو جہد کا خاتمہ کر دیا۔ ہندوستان نے اس طرح 37 سال کے طویل وقفہ کے بعد ملبورن میں ٹسٹ جیت لیا، اس نے آسٹریلیا میں 40 سال بعد کسی ٹسٹ سیریز میں دو ٹسٹ جیتے اور آسٹریلیا میں 26 دسمبر سے شروع ہونے والا باکسنگ ڈے ٹسٹ پہلی بار جیتا۔ ہندوستان کی اس کے ساتھ ہی اپنی ٹسٹ تاریخ میں یہ 150 ویں جیت ہے ۔بمراہ اور ایشانت نے نکالے وکٹ دوسرے سیشن میں کھیل شروع ہونے کے بعد جسپریت بمراہ نے پیٹ کمنز کی جدو جہد جلد ختم کر دی۔ بمراہ کی گیند پر کمنز کا کیچ چتیشور پجارا نے لپکا. کمنز کا وکٹ 89 ویں اوور کی دوسری گیند پر گرا۔ اگلے اوور کی تیسری گیند پر ایشانت شرما نے ناتھن لیون کو وکٹ کیپر رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ کراکر آسٹریلیا کی اننگز 261 رنز پر نمٹا دی۔کمنز نے 61 رن سے آگے کھیلتے ہوئے اپنے ا سکور میں دو رن کا اضافہ کیا۔ کمنز نے 114 گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 63 رن اور لیون نے 50 گیندوں میں سات رن بنائے ۔ پہلی اننگز میں چھ وکٹ لینے والے جسپریت بمراہ نے 53 رن پر تین وکٹ لئے اور میچ میں نو وکٹوں کے ساتھ ‘مین آف دی میچ ’قرار پائے ۔ لیفٹ آرم اسپنر روندر جڈیجہ نے 82 رن پر تین وکٹ، محمدشامی نے 71 رن پر دو وکٹ اور ایشانت شرما نے 40 رن پر دو وکٹ لئے ۔ وکٹ کیپر پنت نے سیریز کا اپنا 20 واں کیچ لپکا اور ایک سیریز میں وکٹ کے پیچھے سب سے زیادہ شکار کرنے کا ہندوستانی ریکارڈ بنا دیا۔اس میچ میں ہندوستان نے ٹاس جیتا اور بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس نے سات وکٹ پر 443 رن بنا کر پہلی اننگز ڈکلیئر کردی۔ آسٹریلیا پہلی اننگز میں 151 رنز ہی بنا پائے ۔ تاہم، ہندوستان نے آسٹریلیا کو فالوآن نہیں دیا اور بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اس نے دوسری اننگز آٹھ وکٹ پر 106 رن بنا کر ڈکلیئر کرنے اعلان کیا۔ آسٹریلیا کو جیت کے لئے 399 رنز کا ہدف ملا، لیکن اس کی پوری ٹیم 89.3 اوور میں 261 بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ہندوستان کی 150 ویں ٹسٹ جیت ہندوستان نے اپنے ٹسٹ تاریخ کی 150 ویں فتح حاصل کر لی ہے ۔ ہندوستان نے 1932 سے 2018 تک 532 ٹسٹ میچوں 150 ٹسٹ جیتے ہیں، اور ٹسٹ تاریخ میں 150 ٹسٹ جیتنے والا وہ پانچواں ملک بن گیا ہے . اس سے پہلے یہ کامیابی آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کو حاصل تھی۔وراٹ نے گانگولی کی برابری کی وراٹ نے غیر ملکی سر زمین پر 11 ٹسٹ جیتنے کے سابق کپتان سوربھ گانگولی کے ریکارڈ کی برابری کر لی ہے . وراٹ کی کپتان کے طور پر 45 ٹسٹ میچوں میں یہ 26 ویں جیت ہے اور وہ مہندر سنگھ دھونی کے 60 ٹسٹ میچوں میں 27 میچ جیتنے کے ریکارڈ کو توڑنے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ گانگولی نے 49 ٹسٹ میچوں میں 21 میچ جیتے تھے ۔پنت نے بنایا نیا وکٹ کیپنگ ریکارڈ نوجوان وکٹ کیپر رشبھ پنت نے ایک ٹسٹ یریز میں وکٹ کے پیچھے سب سے زیادہ شکار کرنے کا نیا ہندوستانی ریکارڈ بنا دیا ہے . پنت کے سیریز میں 20 شکار ہو چکے ہیں اور انہوں نے سابق وکٹ کیپر ‘نرین تمھانے ’ اور‘ سیدمجتبیٰ حسن کرمانی’ کے 19 شکار کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ تمھانے نے پاکستان کے خلاف 1954-55 میں پانچ ٹسٹ میچوں کی سیریز میں اور کرمانی نے 1979-80 میں چھ ٹسٹ سیریز میں وکٹ کے پیچھے 19 شکار کئے تھے ۔