جموں//ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ نے کہا ہے کہ ہتھیار چھینے جانے کے واقعہ میں اگر اہلکاروں کی غفلت سامنے آئی تو انہیں بخشا نہیں جائے گا۔ گزشتہ روز سرینگر میں کانگریس لیڈر کی رہائش گاہ سے رائفلیں اڑائے جانے کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’مجھے ابھی اس بات کی اطلاع ملی ہے ، اگر چہ اس کی تفصیلات میں نہیں گیا ہوں لیکن ایک بات یقینی ہے کہ ہتھیار چھیننے کی واردات میں ملوث افراد ملی ٹینٹ ہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اینٹی ملی ٹینسی کارروائیوں میں جموں کشمیر پولیس کی شرح کامیابی بہت شاندار ہے لیکن اس کے ساتھ ہی ہمیں ایسے جھٹکوں کیلئے بھی تیار رہنا چاہئے ۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اگر اس میں اہلکاروں کی لاپرواہی سامنے آئی تو انہیں اس کی سزا ملے گی۔ فرائض منصبی کی انجام دہی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، قصور وار پائے جانے والوں کے خلاف بھر پور کارروائی ہوگی۔