سرینگر/فوج نے سوموار کو دعویٰ کیا کہ اُنہوں نے شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں کنٹرول لائن پر پاکستان کی ”بارڈر ایکشن ٹیم“ (بی اے ٹی) کی حملے کی ایک کوشش ناکام بناتے ہوئے دو حملہ آﺅروں کو جاں بحق کیا۔
فوج کے ایک ترجمان نے کہا کہ فوج نے لائن آف کنٹرول پرنوگام سیکٹر میں ایک بی اے ٹی حملے کو ناکام بناتے ہوئے دو حملہ آﺅروں کو جاں بحق کیا۔
انہوں نے کہا کہ دو بی اے ٹی اہلکار گھنے جنگلوں میں اس پار آنے کی کوشش میں مصروف تھے اور اُنہیں پاکستانی افواج کی طرف سے شدید فائرنگ اور مارٹر شیلنگ کے ذریعے مدد دی جارہی تھی۔
فوجی ترجمان کے مطابق بھارتی افواج نے حملہ آﺅروں کو دیکھا اور جوابی کارروائی عمل میں لائی جس کے دوران اُنہیں جاں بحق کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ گذشتہ رات دیر گئے پیش آیا اور طرفین کے مابین رات بھر گولیوں کا تبادلہ جاری رہا۔
ترجمان کے مطابق بعد میں تلاشی آپریشن کے دوران بی اے ٹی اہلکاروں کی لاشیں بر آمد کی گئیں جو بظاہر پاکستانی فوجی اہلکارہیں۔