جموں //شہر کے بٹھنڈی علاقہ میں پلوامہ کے عسکریت پسند کے اہل خانہ کی تریکوٹہ نگر اور بٹھنڈی پولیس کی طرف سے مبینہ ہراسانی کے واقعہ میں سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی طرف سے ’خطرناک نتائج‘ کی دھمکی دئیے جانے کے دوسرے ہی روز گورنر ستیہ پال ملک نے پیر کے روز کہا کہ ملی ٹینٹوں کی حمایت کرنا پی ڈی پی صدر کی سیاسی مجبوری بن گئی ہے۔واضح رہے کہ محبوبہ مفتی نے اتوار کو پلوامہ کے ایک عسکریت پسند کی ہمشیرہ اسکے شوہر اور بھائی کو جموں پولیس کی طرف سے جسمانی تشدد کا نشانہ بنائے جانے اور اس کے کپڑے پھاڑنے کا الزام لگاتے ہوئے گورنر اور ریاستی پولیس کومتنبہ کیا تھا۔ یہاں منعقدہ ایک تقریب کے حاشیہ پر اس بیان کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں گورنر ستیہ پال ملک نے ذرائع ابلاغ کو بتایا’میں گورنر ہوں ، وہ مجھے نشانہ بنائیں گی ہی ، کل انہوں نے جو کچھ بھی کہا میں اس کا برا نہیں مانتا کیوں کہ وہ میرے مرحوم دوست کی بیٹی ہے‘۔انہوںنے مزید کہا کہ اب جب کہ انتخابات قریب آ رہے ہیں ، یہ محبوبہ مفتی کی مجبوری ہے کہ وہ ملی ٹینٹوں کی حمایت کریں تا کہ وادی میں کھوئی ہوئی ساکھ کو بحال کیا جا سکے ۔ گورنر نے مزید کہا کہ ’ہم نے فورسز کو سختی سے ہدایات دے رکھی ہیں کہ کسی بھی ملی ٹینٹ کے اہل خانہ کے ساتھ کوئی نا انصافی نہ ہو، ہمیں ان کے کنبوں کے ساتھ کچھ لینا دینا نہیں ہے ، لیکن ساتھ ہی میں انہیں (محبوبہ مفتی کو) یقین دلانا چاہتا ہوں کہ اگر کسی بھی ملی ٹینٹ کے اہل خانہ کو غیر ضروری طور پر ہراساں کیا گیا ہے توا س کی اعلیٰ سطح پر جانچ کی جائے گی۔ سال رفتہ کے بارے میں پوچھے جانے پر گورنر نے 2018کو جموں کشمیر کی تاریخ کا ایک کامیاب برس قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس ریاست میں جمہوریت پھلی پھولی، پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات کسی بھی خون خرابے کے بغیر منعقد ہوئے۔ تعطل کا شکار منصوبوں کو مکمل کیا گیا اور ہمیں لوگوں کی بھرپور حمایت ملی کیوں کہ وہ سمجھ گئے ہیں کہ ترقی امن سے مشروط ہے ۔ حد متارکہ پر بیٹ حملہ ناکام بنائے جانے اور دو پاک سپاہیوں کی ہلاکت کا ذکر کرتے ہوئے گورنر نے کہا ’ہماری فورسز مل جل کر کام کر رہی ہیں اور دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنایا جا رہا ہے ، ہم کسی کو بھی پر امن ماحول کو بگاڑنے کی اجازت نہیں دیں گے ‘۔گورنر نے دعویٰ کیا کہ ملی ٹینسی مخالف کارروائیوں میں انہیں عوامی حمایت حاصل ہو رہی ہے ۔
سال نو پرگورنر کا تہنیتی پیغام
جموں//نئے سال کی آمد کے سلسلے میں گورنر ستیہ پال ملک نے ریاستی عوام کو مبارک باد دی ہے۔اپنے ایک پیغام میں گورنر نے ریاست کے لوگوں کے لئے دعا کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ یہ نیا سال ریاست میں امن ، خوشحالی اور ترقی کا پیغام لے کر آئے گا۔