سرینگر//جامع مسجد سرینگر کی بے حرمتی پر سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے حریت(ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق سے فون پررابطہ کرکے اس واقعے کے خلاف برہمی کا اظہار کیا۔ سابق وزیر اعلیٰ اورپی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے پیر کو حریت(ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق سے بات کی، اور گزشتہ جمعہ کو جامع مسجد سرینگر میں بے حرمتی پر اظہار افسوس کیا۔محبوبہ مفتی نے بعد میں سماجی رابطہ گاہ ٹیوٹر پر بھی پیغام درج کرتے ہوئے کہا کہ جامع مسجد سرینگر کا ممبر و محراب کشمیریوں کے مذاہب اور ثقافت کا سنگ میل ہے۔ محبوبہ مفتی نے ٹیوٹر پر تحریر کیا’’ جامع مسجد سرینگر میں آئی ایس(دولت اسلامیہ) کا جھنڈا لیکر چند نوجوانون کی موجودگی، کشمیری میں مذہب اور سماجی حیات کے اہم ادارے کی بے حرمتی ہے،میں نے میرواعظ کشمیر عمر صاحب کو فون کیا،اور اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا۔‘‘ سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے مزید تحریر کیا’’ جامع مسجد اور اس کا ممبر ہمارے مذہب اور تہذیبی گہوارے کا اہم سنگ میل ہے،اور اس وحشیانہ فورس کی طرف سے اسلام کے نام پر ناپاک حرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی‘‘۔