سرینگر//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے سیاحوں کو ریاست جموں وکشمیر کے دورے پر آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر سیاحت کے لئے ایک پُر کشش مقام ہے۔ ان باتوںکا اظہار مشیر موصوف نے گلمرگ میں ونٹر سپورٹس کے کئی ایونٹوں کا آغاز کرتے ہوئے کیا۔ان کھیلوں میں نیشنل سنو سکیٹنگ چیمپین شِپ،سکینگ، سنوسکیٹنگ، سنو بائکنگ، سلیج رائڈنگ، سنو بورڈنگ، ہیلی سکینگ شامل ہیں۔خورشید گنائی کے ساتھ سیکرٹری سیاحت ریگزن سیمفل، ناظم سیاحت کشمیر نثار احمد وانی، سی ای او گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی محمد حنیف بلخی کے علاوہ متعلقہ ا فسران بھی تھے۔انہوں نے کہا کہ اس سال اب تک8 لاکھ ملکی اور50 ہزار غیر مُلکی سیاحوں نے کشمیر کا دورہ کیا اور نئے سال کے موقعہ پر گلمرگ میں تمام ہوٹل بھرے ہوئے ہیں۔خورشید گنائی نے مزید کہا کہ گلمرگ مُلکی و غیر مُلکی سیاحوںکے لئے ایک اہم سیاحتی منزل ہے جہاں بالخصوص موسم سرما میں کئی ونٹر سپورٹس سرگرمیوں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔خورشید گنائی نے کہا کہ میں اپنا پیغام پوری دُنیا کے سیاحوں کو پہنچانا چاہتا ہوں کہ کشمیر موسم سرما میں بھی پُر کشش سیاحتی مقام بنا ہوا ہے تا ہم شدید سردی کے باوجود بھی لوگ یہاں کے سیر کے لئے آتے ہیں۔گلمرگ گنڈولہ کا حوالہ دیتے ہوئے مشیرموصوف نے کہا کہ گلمرگ گنڈولہ عالمی سطح پر سب سے اونچی جگہ پر قائم کیا گیا ہے جہاں سیاح جوش و خروش کے ساتھ گنڈولہ سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔اس موقعہ پر خورشید گنائی نے ہوٹل مالکان اور سیاحت سے وابستہ شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ ہوٹلوں کے کرایے میں کمی لائیں تا کہ زیادہ سے زیادہ وادی کشمیر کی سیر کے لئے راغب ہوسکیں۔ انہوں نے سیاحت سے وابستہ افراد کو یقین دلایا کہ حکومت انہیں ہرممکن تعاون اور امداد فراہم کرے گی۔خورشید گنائی نے متعلقہ افسروں پر زور دیا کہ وہ کشمیر میں سیاحت کو مزید فروغ دینے کے لئے تمدنی پروگراموں کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔بعد میں خورشید گنائی نے گلمرگ گالف کلب میں ایک تمدنی پروگرام اور نئے سال کی تقریب کا افتتاح کیا۔انہوں نے اُمیدظاہر کی کہ موسم سرما کے دوران بھاری تعدا دمیں سیاح وادی کشمیر کا دورہ کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سال13 لاکھ سیاحوں کے و ادی کے دورے پر آنے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔اپنے خطبہ استقبالیہ میں ناظم سیاحت کشمیر نے کہا کہ محکمہ سیاحوں کو کشمیر میں قیام کے دوران آرام دہ سہولیات بہم رکھنے کا وعدہ بند ہے۔اس موقعہ پر شفیع سوپوری اور عمران لطیف نے سامعین کو اپنے تمدنی پروگرام سے لطف اندوز کیا۔مشیر کے ہمراہ ایس ایس پی بارہ مولہ امتیاز حُسین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بارہ مولہ فاروق احمد بابا، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹورازم پبلسٹی ریاض احمد شاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹورازم ریکریشن سرفراز محمد بھی تھے۔