سرینگر/پاکستان نے منگل کو کہا کہ کنٹرول لائن پربھارتی افواج کی فائرنگ سے اُس کے زیر انتظام کشمیر میں ایک خاتون لقمہ اجل بن گئی جبکہ9دیگر شہری زخمی ہوگئے۔
روزنامہ ڈان میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق بھارتی افواج نے گذشتہ روز اٹھمقام نامی علاقے میں فائرنگ کی۔
رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا''پہلے بھارتی افواج نے پاکستانی پوسٹس کو نشانہ بنایا او بعد میں شہری علاقوں پر گولی بھاری کی''۔
رپورٹ کے مطابق ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 27سالہ خاتون،آسیہ بی بی جاں بحق اور دیگر نو زخمی ہوگئے۔
واضح رہے کہ کنٹرول لائن یا بین الاقوامی سرحد پر جب بھی کوئی کراس فائرنگ کا واقعہ پیش آتا ہے تو دونوں، بھارت اور پاکستان ایک دوسرے پر 2003سے جاری جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عاید کرتے ہیں۔