پونچھ //پونچھ کے کھڑی کرماڑہ سیکٹر میں ہندوپاک افواج کے درمیان فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔ اس طرح سال گزشتہ کی طرح نئے سال کا آغاز بھی سرحدی کشیدگی سے ہواہے ۔دفاعی ذرائع نے بتایاکہ منگل کی صبح پاکستانی فوج کی طرف سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی اور اس دوران بھارتی فوجی چوکیوں کو نشانہ بنایاگیا۔ذرائع نے بتایاکہ جواب میں بھارتی فوج نے بھی بھرپور کارروائی کی اور فائرنگ اور گولہ باری کے تبادلہ کا سلسلہ لگ بھگ ایک گھنٹے تک جاری رہا ۔ اس دوران کسی بھی طرح کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی
ایل او سی کشیدگی
بھارتی سفیر کی پاکستانی دفتر خارجہ طلبی
نیوز ڈیسک
سرینگر// حد متارکہ پر فائرنگ اور گولہ باری اور ہلاکتوں پر پاکستان نے احتجاج کر تے ہوئے اسلام آباد میں تعینات قائمقام بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکو دفتر خارجہ طلب کیا ۔پاکستان کا الزام ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک خاتون جاں بحق جبکہ9دیگر افراد زخمی ہوئے ۔پاکستانی ترجمان دفتر خارجہ اور ڈی جی سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ بھارتی فوج کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر مسلسل شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے، گزشتہ روز آٹھ مقام شاہکوٹ سیکٹر میں بھارت کی فائرنگ سے ایک خاتون جاں بحق اور دیگر شہری زخمی ہوئے۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ 2018 میں بھارتی فورسز نے سیز فائر کی2350 خلاف ورزیاں کیں جس سے36 بے گناہ شہری ہلاک اور142 زخمی ہوئے۔ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت سے اقوام متحدہ کے مبصرین کو کام کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شہری آبادی پر بھارتی فورسز کی فائرنگ انسانی حقوق کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور علاقائی امن و استحکام کیلئے خطرہ ہے، بھارت 2003کے سیز فائر معاہدے کا احترام کرے اور خلاف ورزی کے واقعات کی تحقیقات کرے۔