سرینگر/مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے حریت قیادت سے متعلق مذاکرات کو ٹھکرانے کے بیان کو غلط قرار دیتے ہوئے حریت کانفرنس (ع) کے چیئر مین میرواعظ عمر فاروق نے جمعہ کو کہا کہ نئی دلی کی موجودہ حکومت کی جانب سے کبھی بھی ایسی پیشکش نہیں کی گئی۔
میرواعظ نے کہا کہ مذاکرات کے برعکس حکومت ہندوستان فوجی حل چاہتی ہے اور وہ جموں کشمیر کی خصوصی پوزیشن کو بھی ختم کرنا چاہتی ہے۔
میر واعظ نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ حریت قیادت نے ہمیشہ کہا ہے کہ کشمیر مسئلے کو صرف مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے اور یہ مذاکرات تنازع کے سبھی سٹیک ہولڈرس کے مابین ہونے چاہیں۔
انہوں نے ٹویٹ میں لکھا''سبھی کشمیری یہ حقیقت جانتے ہیں کہ بھارت کی موجودہ حکومت نے کبھی بھی غیر مشروط بات چیت کی پیشکش نہیں کی ۔ اس کے برعکس موجودہ حکومت ہندوستان فوجی حل کی راہ پر گامزن ہے یہاں تک کہ وہ ریاست کی خصوصی پوزیشن تک بھی چھیننا چاہتی ہے''۔
وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے گذشتہ روز پارلیمنٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ اگر علیحدگی پسندلیڈرشپ نے آل پارٹیز وفد کے ساتھ بات کی ہوتی ، جو اُن سے ملنے گئی تھی، تو وادی کے ''سٹیلمیٹ'' کو حل کیا گیا ہوتا۔انہوں نے کہا کہ حریت لیڈرشپ نے وفد کیلئے دروازے بند کرلئے۔