راجوری //راجوری میں برفباری کی وجہ سے بجلی کے ڈھانچے کو جزوی طور پر نقصان پہنچاہے جبکہ محکمہ بجلی نے بیشتر علاقوں میں بجلی سپلائی بحال کرنے کا دعویٰ کیاہے ۔محکمہ بجلی راجوری ڈیویژن کے ایگزیکٹو انجینئر منشی خان نے کشمیرعظمیٰ سے بات کرتے ہوئے بتایاکہ برفباری سے ضلع میں 15سے 20ٹرانسفارمر وں کو نقصان پہنچاہے جس کی وجہ سے متعلقہ علاقوں کی بجلی سپلائی متاثر ہوئی ہے ۔تاہم انہوں نے بتایاکہ برف زدہ بیشتر علاقوں میں بجلی کی سپلائی بحال کردی گئی ہے ۔منشی خان نے بتایاکہ سنیچر کی صبح بہت سے سپلائی فیڈربند ہوگئے تھے جنہیں محکمہ نے کارروائی کرتے ہوئے بحال کردیاہے ۔ انہوں نے بتایاکہ اتوارکی شام تک بیشتر علاقوں میں بجلی سپلائی بحال کردی گئی ۔ان کاکہناہے کہ اس وقت کچھ ہی علاقوں میں بجلی سپلائی معطل ہے جسے بحال کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔منشی خان کے مطابق بجلی کے ڈھانچے کو جزوی طور پر نقصان پہنچاہے اور محکمہ اس کی بحالی کاکام کررہاہے ۔