سرینگر//بارہویں جماعت کے امتحانات میںلڑکوں کے مقابلے میں لڑکیوں نے میدان مار لیا۔ کامیابی کی مجموعی شرح52 فیصد رہی،جبکہ سرکاری اسکول 4میں سے 3 مضامین میں اول پائیدان حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ بورڈآف اسکول ایجوکیشن نے وادی میں بارہویں جماعت کے امتحانات کے نتائج پیر کی شام منظر عام پر لائے،جس کے دوران چاروں مضامین سائنس، کامرس،آرٹس اور ہوم سائنس میں سے تین میں لڑکیوں نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اول پائیدان حاصل کیا۔2018کے سالانہ با قاعدہ( ریگولر)12ویں جماعت میں کامیابی کی مجموعی شرح52فیصد رہی،محکمہ تعلیم کے حکام کی طرف سے دستیاب تفصیلات کے مطابق کامرس میں گرین ویلی ہائر اسکینڈری اسکول الہیٰ باغ کی زاکیہ بن ضیاء نے پہلی پوزیشن حاصل کی،جبکہ زڈی بل ہائر اسکینڈری اسکول کی طالبہ بسما جان نے 488 نمبرات حاصل کر کے دوسری پوزیشن حاصل کی ۔ گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول اننت ناگ کی طالبہ عالیہ علی نے 486 نمبرات حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ہوم سائنس مضامین میں گورنمنٹ ہائر اسکینڈری اسکول کوٹھی باغ کی فرحیہ فاروق نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔محکمہ تعلیم کے حکام کے مطابق سائنس مضامین میں گورنمنٹ ہائر اسکینڈری اسکول امیراکدل کی وفیقہ نے پہلا پائیدان حاصل کیا،جبکہ گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول کانر چاڈورہ کی طالبہ یسرا شبیر نے 491 نمبرات لیکر دوسری پوزیشن اور گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول زڈی بل کی طالبہ اقراء خان نے 490 لیکر تیسری پوزیشن حاصل کی۔آرٹس مضامین میں گورنمنٹ ہائر اسکینڈری اسکول کوٹھی باغ کی ہادیہ نور نے493 نمبرات حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی،اسی اسکول کی تنزیلہ حسن نے492, لیکر دوسری جبکہ کورنمنٹ ہائر اسکینڈری اسکول سرگفوارہ اننت ناگ کے توصیف احمد نے491 نمبرات لیکر تیسری پوزیشن حاصل کی۔چاروں مضامین میں سرکاری اسکولوں کی طالبات نے3 اعلیٰ پوزیشنیں حاصل کر کے گزشتہ دنوں10ویں جماعت کے نتائج میں سرکاری اسکولوں کو اٹھانے والی خفت سے کچھ حد تک راحت دی۔