سرینگر//مسلم لیگ نے جامع مسجد سرینگر میں پیش آئے واقعہ کو سوچی سمجھی اور گہری سازش قرار دیتے ہوئے اسے جموں کشمیر کے عوام کی مبنی برحق اور پُرامن جدوجہد پر شب خون مارنے کے مترادف قرار دیا ہے۔ لیگ سیکریٹری جنرل محمد رفیق گنائی نے کہا کہ شرپسند عناصر نے جس طرح منبرو محراب کی توہین کی وہ نہایت ہی تشویشانک معاملہ ہے جسے قطعاََ برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہو ں نے نوجوانان کشمیر سے اپیل کی کہ وہ ہر سازش سے باخبر رہیں کیونکہ اسلام کی آڑ میں اس وقت جو سازش رچائی جارہی ہے اور جس کا اظہار پچھلے کئی ہفتوں سے جامع مسجد سرینگر میں کیا گیا اُس کے پیچھے دو انتہائی اہم سبب ہیں جنھیں حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔محمدرفیق گنائی نے کشمیری عوام بالخصوص نوجوانوں سے گذارش کی کہ وہ ایسی کسی بھی سازش کا شکار نہ ہوں جس کا مقصد تحریک حق خودارادیت کو کمزور کرنا اور بے گناہوں کا قتل عام ہو نیز علماء، خطباء اور قلکار حضرات بھی اس حساس معاملے کی سنگینی کا ادراک کرتے ہوئے عوام کو اس سازش سے باخبر رہنے کی تلقین کریں۔