سرینگر//کشمیری زبان کے نامورشاعر، ادیب، قلمکار اورماہرِ تعلیم پروفیسر غلام نبی فراق کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے کل ریاستی کلچرل اکیڈیمی کی طرف سے سمینار ہال لال منڈی میں تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت نامور محقق اور قلمکار پروفیسر بشر بشیر نے کی۔ تقریب میں سرکردہ ادیبوں اور ادب نوازوں نے پروفیسر فراق کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر فراق صاحب کی ادبِ اطفال پر مبنی کتاب ’’ پھُلیَ پوشن ہنز‘‘ کی رسمِ رونمائی بھی انجام دی گئی۔ اکیڈیمی کے چیف ایڈیٹر محمد اشرف ٹاک نے کہا کہ غلام نبی فراق نے کشمیری ادب میں بہت ہی کامیاب تجربے کئے ہیں اور مختلف اصنافِ سخن میں طبع آزمائی کی ہے۔ تقریب میں نامور گلوکارہ شائستہ احمد نے کلامِ غلام نبی فراق پیش کیا۔پروفیسر بشر بشیر نے غلام نبی فراق کو عصرِ حاضر کا بہت بڑا ادیب قرار دیا۔ تقریب میں غلام نبی فراق کے فرزند ناصر منصور نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے تقریب کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کیا۔ نظامت کے فرائض اسسٹنٹ ایڈیٹر انسائیکلو پیڈیا ڈاکٹر سید افتخار احمد نے انجام دئے۔ تقریب میں اور لوگوں کے علاوہ رشید کانسپوری، تنہا شہِلپوری، شہزادہ رفیق، گلشن بدرنی، تنہا رشید،مقبول ساجد،اسد اللہ وانی، سلیم سالک، محمد یوسف میر، جمیل انصاری، ظہور سلطان اورطاہر احمدشامل تھے۔