سرینگر// عوامی نیشنل کانفرنس کے نائب صدر مظفر شاہ نے کل پارٹی ہیڈکوارٹر سرینگر پر ریاست کے اندر موجودہ سیاسی صورت حال پر پارٹی کے سنیئر عہدیداراں کے ساتھ تبادلہ خیالات کرتے ہوئے اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ ریاست کے اندر ایک منظم طریقے پر کچھ عناصر یہاں کی صدیوں پْرانی باہمی رواداری اور بھائی چارے کا تانا بانا بکھیرنے کے در پے ہیں جسکی ایک دلدوز مثال ترال کے کھاسی پورہ گائو ں سے تعلق رکھنے والے نو نہال سمر نجیت سنگھ ولد نانک سنگھ کا مشتبہ اور مشکوک انداز میں قتل کیا جانا شامل ہے۔ انہوں نے سکھ برادری کے ساتھ بالعموم اور مقتول سمرنجیت سنگھ کے اہل خانہ کیساتھ بالخصوص اظہار ہمدردی کرتے ہوئے اس پْراسرار قتل کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے شیر باغ اننت ناگ میں حالیہ تباہ کْن آگ سے کروڑوں روپیہ کے املاک کی تلافی پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ متا ثرین کی بھر پور مالی مدد کرکے اْن کی بحالی کیلئے ٹھوس اور موثر عملی اقدام کرے۔