اننت ناگ//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے ڈی سی اننت ناگ محمد یونس ملک اور سی ایم او اننت ناگ کے ہمراہ ضلع ہسپتال اننت ناگ کا دورہ کیا اور وہاں مریضوں کو دستیاب سہولیات کا جائیزہ لیا۔انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔مشیر موصوف نے وہاں موجود مریضوں اور تیمارداروں کے ساتھ بات چیت کی جنہوں نے ادویات کی عدم دستیابی کے حوالے سے اپنے مطالبات اُجاگر کئے۔خورشید گنائی نے سال2018-19 کے دوران ہسپتال کی حصولیابیوں کا جائیزہ لیا۔ ہسپتال کے میڈیکل سُپرنٹنڈنٹ نے انہیں جانکاری دی کہ اس مدت کے دوران1485 ہیپاٹئٹس مریضوں کا علاج کیا گیا،2600 مریضوں کی ڈائلیسز کی گئی،3831 کو خون چڑھایا گیا اور2525 جراحیاں عمل میں لائی گئیں۔علاوہ ازیں پی ایم جے اے وائی کے تحت ہسپتال میں1090 مریضوں کو درج کیا گیا۔مشیر نے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ کے لئے ضلع ہسپتال اننت ناگ میں کئے گئے عارضی انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔یہ انتظامات جے کے پی سی سی کی طرف سے2.44 کروڑ روپے کی لاگت سے وجود میں لائے جارہے ہیں۔ انہوں نے جے کے پی سی سی کو ہدایت دی کہ وہ تعمیراتی کام میں سرعت لاے۔ مشیر نے اولڈ ایس آر ٹی سی یارڈ اننت ناگ میں شاپنگ کمپلیکس کا بھی دورہ کیا۔بعد میں مشیر موصوف نے ڈاک بنگلہ کھنہ بل میں افسروں کی ایک میٹنگ کے دوران ضلع کے مجموعی ترقیاتی منظر نامے کا جائیزہ لیا۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ، اے سی ڈی، سی ایم او،اری گیشن اینڈ فلڈ کنٹرول، تعمیرات عامہ اور پی ڈی ڈی کے سُپرنٹنڈنگ انجنئیرز، آر اینڈ بی اور پی ایم جی ایس وائی کے ایگزیکٹو انجنئیرز، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ اننت ناگ، ڈی ایس ڈبلیو او اور ضلع کے دیگر سینئر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔