جموں// اپنے کاروبار کو مزید فروغ دینے کے سلسلے میں جے اینڈ کے سٹیٹ کواپریٹو بنک ( جے کے ایس سی بی ) لمٹیڈ نے آج نروال میں اپنی ایک اورشاخ کھولی ۔ جموں میں کواپریٹو بنک کے اس شاخ کا افتتاح گورنر کے مزیر خورشید احمد گنائی نے کیا ۔ اس موقعہ پر سیکرٹری کواپریٹو عبدالمجید بٹ ، رجسٹرار کواپریٹو سوسائیٹیز ایم ایم رحمان غاسی ، چئیر مین سٹیٹ کواپریٹو بنک ایم ایس ڈار کے علاوہ امدادِ باہمی محکمے کے اعلیٰ افسران اور کواپریٹو سوسائیٹیز کے نمائیندے موجود تھے ۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے خورشید گنائی نے کہا کہ سٹیٹ کواپریٹو بنک ریاست کا سب سے پرانا بنک ہے جو 1918 میں قایم ہوا اور جو حکومت کو بنکنگ سہولیات کے علاوہ مہاراجہ دور کے ریاستی خزانے کے طور پر بھی کام کرتا رہا ۔ انہوں نے کہا کہ کواپریٹو تحریک زراعت و دیگر منسلک سیکٹروں سے وابستہ لوگوں کو بھر پور تعاون فراہم کرنے کیلئے ابھر آیا ہے ۔ انہوں نے بنک انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ جموں خطے کے دور دراز اور دیہی علاقوں میں اور زیادہ بزنس یونٹ قایم کریں تا کہ کسانوں کو بنکنگ اور کریڈٹ سہولیات فراہم کی جا سکیں ۔ شراکت داروں کو بدلتے وقت کے ساتھ ضروریات پوری کرنے پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امدادِ باہمی تحریک کو از سر نو جاری رکھنے کیلئے ایک روڈ میپ تیار کرنے کی اہم ضرورت ہے انہوں نے یقین دلایا کہ گورنر انتظامیہ ریاست میں کواپریٹو اداروں کو بہتر طریقے پر اپنا کام کاج چلانے کیلئے تعاون فراہم کرے گی ۔ جے اینڈ کے سٹیٹ کواپریٹو بنک کے چئیر مین نے اس موقعہ پر کہا کہ یہ بنک ریاست کے دیگر بنکوں کے برابر اپنا کام کاج انجام دے رہا ہے بلکہ یہ بنک نیشنلائیزڈ بنکوں کی طرح لوگوں کی خدمات انجام دے رہا ہے ۔ اس بنک کے شاخ نہ صرف کشمیر وادی میں بلکہ لداخ خطے کے کرگل ضلع میں بھی قایم ہیں ۔