جموں//آنگن واڑی خدمات سے متعلق ریاستی بااختیار کمیٹی کی میٹنگ چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔ کمیٹی نے سال 2019-20 کیلئے آئی سی ڈی ایس کے اے پی آئی پی منصوبے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور مرکزی سرکار کو بھیجے جانے والے 742.93 کروڑ روپے کے منصوبے کو منظوری دی ۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے افسروں پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ سماج کو بااختیار بنانے والی ان سکیموں کے فوائد ریاست کے دیہی اور دور دراز علاقوں کے پچھڑے طبقے کے لوگوں تک پہنچیں ۔ انہوں نے کہا کہ آنگن واڑی ورکروں کو سماجی سیکورٹی ، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں ایک کلیدی اہمیت دلانے کیلئے تمام متعلقہ محکموں کو ایک مشترکہ لایحہ عمل اختیار کرنا چاہیے ۔ سالانہ منصوبے میں ریاست بھر میں آنگن واڑی مراکز کے ذریعے سے دیہی ، قبائلی اور شہری سیکٹروں میں 141 پروجیکٹ ہاتھ میں لینا بھی شامل ہے ۔ اس میں آنگن واڑی سرگرمیوں کو دوام بخشنے سے متعلق کئی دیگر معاملات بھی شامل ہیں ۔ میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری پلاننگ ، ڈیولپمنٹ اینڈ مانیٹرنگ روہت کنسل ، کمشنر سیکرٹری ایف سی ایس اینڈ سی اے ڈاکٹر عبدالرشید ، سیکرٹری سکولی تعلیم اے کے ساہو ، سیکرٹری زراعت منظور احمد لون ، سیکرٹری پی ایچ ای فاروق احمد شاہ ، سیکرٹری دیہی ترقی و پنچائتی راج شیتل نندا اور کئی دیگر محکموں کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی ۔ اس سے پہلے سیکرٹری سماجی بہبود محکمہ فاروق احمد لون نے میٹنگ میں مجوزہ منصوبے کی خصوصیات کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ آئی سی ڈی ایس اور کئی دیگر سکیموں کی بدولت ریاست کے دیہی منظر نامے میں مثبت تبدیلی لانے کا ارادہ رکھتا ہے ۔