انسان
الٰہی میں تجھ سے پناہ مانگتا ہوں
گُناہوں سے بچنا میں یوں چاہتا ہوں
ہے فتنوں سے لبریز سارا زمانہ
نہ جانے میں اکثر یہ کیوں بھولتا ہوں
یہاں تختِ منصف پہ بیٹھے ہیں ظالم
ہے مظلوم بے بس یہ میں جانتاہوں
ہے رسموں کی پابند دُنیا ہماری
یہ اِصراف سارے کہاں چاہتا ہوں
ہے بازو کے بل پر مچی لوٹ ہر سُو
میں دنیا میں حق کی ادا چاہتا ہوں
ہے فرقوں میں تقسیم اُمت نبیؐ کی
حقیقت کا رستہ میں یوں ڈھونڈتا ہوں
سنبھل جائے،بگڑا ہے انسان، اک دن
خدایا میں تجھ سے دُعا مانگتا ہوں
کوئی باپ بیٹی کو زحمت نہ سمجھے
میں نعمت خدا کی اُسے مانتا ہوں
اُمیدوں پہ قائم مظفر ؔ ہے دنیا
سنور جائے جلدی، دعا مانگتا ہوں
حکیم مظفر حسین
باغبان پورہ، لعل بازار سرینگر
موبائل نمبر؛9622171322
عافیت
مجھے جنگل سے بستی لے نہ جائو
وہاں کی رُت ابھی بدلی نہیں ہے
کسی کی چھت پہ اترا ہے سمندر
کہیں بادل کا ٹکڑا بھی نہیں ہے
اگر منہ کھولنا چاہوں ذرا بھی
تو سناٹا مجھے ہی کوستا ہے
مگر جب گفتگو کرنا ہو ان کو
تو پتھر بھی وہاں کا بولتا ہے
میں زیر آسماں تنہا کھڑا ہوں
خلاوں میں صدائیں دے رہا ہوں
نہ ہے پیپل نہ کوئی سائباں ہے
اکیلے دُھوپ سر پر لے رہا ہوں
مجھے جنگل سے بستی لے نہ جائو
احمد کلیم فیض پوری
موبائل نمبر؛ 8208111109