بانہال // سب ڈویڑنل مجسٹریٹ بانہال نے سنیچر کی دوپہر سب دسٹرکٹ اسپتال بانہال کا اچانک دورہ کرکے وہاں کئی ڈاکٹروں اور نیم طبی عملہ کے ارکان کو غیر قانونی طریقے سے غیر حاضر پایا ۔ جموں سرینگر شاہراہ کے حادثاتی سیکٹر میں واقع اس ہسپتال کی انتظامی بد نظمی کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ایس ڈی ایم بانہال ضمیر احمد ریشو نے نیم طبی عملے کے سات ملازمین کو فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں جبکہ نیشنل ہیلتھ مشن کے تحت کام کرنے و الے تین ڈاکٹروں کے خلاف وجہ بتاو نوٹس جاری کیا گیا ہے اور اْن کی ماہانہ تنخواہیں بند رکھنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ ایس ڈی ایم کی طرف سے جاری حکمنامے کے مطابق معطل کئے گئے نیم طبی عملے میں نازش انجم ، نادیہ انجم ، تبسم گْل ، امانہ امین ، غلام علی ، مہ جبین ، نویدہ اختر شامل ہیں۔ جبکہ نیشنل ہیلتھ مشن کے تین غیر حاضر ڈاکٹروں کو وجہ بتاو نوٹس جاری کیا گیا ہے اور اْن کی تنخواہیں بند رکھنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں جن میں ڈاکٹر شبیر علی میڈیکل افسر این ایچ ایم ، ڈاکٹر حنا میر میڈیکل افسر ، ڈاکٹر آفتاب پروین شامل ہیں۔ اِن ڈاکٹروں کے خلاف الگ سے ایک چارج شیٹ جاری کیا جائے گا۔ بانہال کے مقامی لوگوں نے ایس ڈی ایم بانہال ضمیر احمد ریشو کی اس کاروائی کی سراہنا کی ہے اور غیر حاضری کو اپنا شعار بنائے رکھے ڈاکٹروں کے خلاف مزید سخت کاروائی کی مانگ کی ہے۔