واشنگٹن// امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر ویلادی میر پیوٹن کے ساتھ ہونے والی ملاقات کی تفصیلات چھپائی ہیں۔ واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں شائع ہونے والی رپورٹ میں وائٹ ہاو¿س کے موجودہ اور سابقہ حکام کا حوالے دے کر بتایا گیا ہے کہ امریکی صدر نے ملاقات کے دوران موجود مترجم کو ہدایت کی کہ وہ ان کی پیوٹن کی ملاقات کے دوران ہونے والی گفتگو کسی کے سامنے ظاہر نہ کریں۔ اخبار کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور ویلادی میر پیوٹن کے درمیان ہونے والی ملاقات جولائی 2017 میں جرمنی کے ایک شہر ہمبرگ میں ہوئی تھی جس میں ان کے ہمراہ اس وقت کے سیکریٹری اسٹیٹ ریکس ٹرلسن بھی موجود تھے۔ واشنگٹن پوسٹ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ اس ملاقات کی تفصیلات ریکس ٹلرسن نے میڈیا کو بتائی تھیں لیکن ان کے بعد جب وائٹ ہاو¿س کے مشیر اور اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے شیئر حکام نے مترجم سے مزید تفصیلات کے لیے رابطہ کیا تو اس نے وہ تفصیلات دینے سے انکار کردیا تھا۔ ادھر ٹرمپ انتظامیہ نے اخبار کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2017 میں روسی صدر کے ساتھ امریکی صدر کی ملاقات کی مکمل تفصیل کے بارے میں ریکس ٹلرسن نے فوراً میڈیا کو آگاہ کردیا تھا۔