جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے جموں وکشمیر بنک کے چیئرمین پرویز احمد کی موجودگی میں تاریخی راجندر پارک کنال روڈ جموں میں ایک میوزیکل فوارہ اور اوپن ائیر جمنائزئم جموں کے لوگوں کے نام وقف کیا۔ان سہولیات کو جموں وکشمیر بنک نے سی ایس آر کے تحت قائم کیا ہے۔گورنر نے لوگوں کو ان سہولیات کا مناسب استعمال کرنے کی تلقین کرتے ہوئے ریاستی عوام کو مکر سنکرانتی کی مبارک باد دی۔برگیڈئیر راجندر سنگھ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے گورنر نے اس پارک کے رکھ رکھاؤ کیلئے جے کے بنک کی تعریف کی۔گورنر نے کہا کہ جموں وکشمیر بنک نے ہر محاذ پر لوگوں کی سہولیت کے لئے کام کیا ہے اور یہ بنک ریاست کی ایک شناخت بن چکا ہے۔اس موقعہ پر انہوں نے جموں وکشمیر بنک کی جانب سے قائم کی گئی تنصیبات اور بنک کے دیگر سرگرمیوں کے لئے اس ادارے کی سراہنا کی۔گورنر نے کہا کہ جے کے بنک میں ریاستی اقتصادی منظر نامے میں بدلاؤ لانے کی گنجائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز احمد کی قیادت میں بنک نے کئی قابل قدر کارنامے انجام دیئے ہیں۔اپنے خطاب میں بنک کے چیئرمین پرویز احمد نے کہا کہ بنک کی بہبود کے لئے گورنر انتظامیہ نے ہر قدم پر تعاون فراہم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنک نے اچھا منافع کمایا ہے اور حال ہی میں تربیت دیئے گئے اعداد و شمار سے بنک نے250 کروڑ روپے کا منافع حاصل کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بنک نے2022 ء تک2 ہزار کروڑ روپے کا منافع کمانے کا نشانہ مقرر کیا ہے۔پرویز احمد نے کہا کہ جے کے بنک اقتصادی طور کمزور طبقوں کی ترقی و خوشحالی کے لئے پُر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں دیہی علاقوں اور دستکاروں کی جانب خاص توجہ دی جارہی ہے۔اس موقعہ پر ایک تمدنی پروگرام پیش کیا گیا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر بنک سی ایس آر کے تحت تاریخی راجندر پارک کا رکھ رکھاؤ کر رہا ہے اور پارک میں جدید سہولیات دستیاب ہیں۔