اسلام آباد //پاکستان کے چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے ایک فیصلے میں مسیحی برادری کی شادیوں کو رجسٹر کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔اس کے ساتھ ہی سپریم کورٹ نے یونین کونسلز کو بھی پابند کیا ہے کہ وہ مسیحی برادری کی شادیوں کی رجسٹریشن کو یقینی بنائیں۔بدھ کو ہونے والی سماعت میں سپریم کورٹ نے متعلقہ اداروں جیسا کہ نادرا کو پابند کیا کہ وہ مسیحی برادری کی شادی سے متعلق میرج سرٹیفیکیٹ بھی جاری کریں۔سپریم کورٹ نے پنجاب حکومت کو پنجاب اسمبلی میں قانون جاری کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری کے لیے بہتر قوانین اور اقدامات کیے جائیں۔بدھ کے روز ہونے والی سماعت میں لاہور کے کیتھیڈرل چرچ آف دی ریسیرکشن کے ڈین شاہد معراج کی طرف سے جمع کی گئی ایک درخواست پر سماعت کی گئی۔ اس درخواست میں شاہد معراج نے عدالت کو بتایا کہ بلدیاتی سطح پر کئی بار شکایات کرنے کے باوجود بھی مسیحی برادری کی شادیاں یونین کونسل میں رجسٹر نہیں کی جاتیں۔