جموں+راجوری //حد متارکہ کے بعدبین الاقوامی سرحد پر ہیرا نگر سیکٹر میں دونوں ممالک کی افواج کے درمیان فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہواہے۔ اس دوران سندر بنی سیکٹر میں زیر زمین دھماکہ کی زد میں آکر ایک فوجی اہلکار زخمی ہوگیا ۔ادھر پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارتی گولہ باری سے ایک شہری زخمی ہوا۔سندر بنی سیکٹر میں صبح کے وقت ایک فوجی اہلکارزیر زمین بچھائی گئی باردوی سرنگ کی زد میں آگیا جس کی وجہ سے اس کے جسم کے نچلے حصے میں زخم آئے اوراسے فوری طور پر مقامی طبی مرکز منتقل کیاگیاجہاں اس کی حالت نازک پاکر مزید علاج کیلئے فوج کے اعلیٰ ہسپتال بھیج دیاگیا ۔ یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب فوجی اہلکار کا پائوں دفاعی مقاصد کیلئے نصب کئے گئے بارودی مواد پر پڑ ا ۔جمعہ کے روز بین الاقوامی سرحد پر کٹھوعہ کے ہیرا نگر سیکٹر میں گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔ ہیرانگر سیکٹر میں جمعہ کی صبح پاکستانی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی ایک بار پھر خلاف ورزی کرتے ہوئے بین الاقوامی سرحد پر تعینات بی ایس ایف اہلکاروں کی چوکی کو نشانہ بنایاتاہم بی ایس ایف اہلکاروں نے اس حملے کا محدود پیمانے پرجواب دیا۔دریں اثناء حد متارکہ پر جمعہ کے روز حالات پرامن رہے ۔پولیس نے بتایاکہ حد متارکہ پر جمعہ کے روز فائرنگ اور گولہ باری کا کوئی نیا واقعہ رونما نہیںہوا ۔ادھرپاکستان کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول پربھارتی فورسزکی فائرنگ سے ایک شہری زخمی ہوگیا۔آئی ایس پی آرکے مطابق لائن آف کنٹرول پربھارتی فورسزنے ایک بارپھرفائرنگ کرکے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ بھارتی فورسزنے کھوئی رتہ سیکٹرمیں مقامی آبادی کو نشانہ بنایا جس سے ایک شہری محمد مشتاق زخمی ہوگیا۔ زخمی ہونے والے شہری کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔