نئی دہلی/ ایک ٹی وی چیٹ شو میں خواتین پر نامناسب تبصرہ کرنے کی وجہ سے معطلی کا سامنا کررہے آل راؤنڈر ہردک پانڈیا اور بلے باز لوکیش راہل کی ٹیم انڈیا میں واپسی بی سی سی آئی کی طرف سے لوک پال مقرر کرنے اور ان کا فیصلہ آنے تک ٹلی ہوئی ہے جبکہ بی سی سی آئی کے قائم مقام چیئرمین سی کے کھنہ نے کہا ہے کہ تفتیش مکمل ہونے تک دونوں کرکٹرز کو ٹیم میں بحال کرنے پر غور کیا جائے ۔کھنہ نے ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کو دیکھ رہی منتظمین کی کمیٹی (سی او اے ) اور بورڈ حکام کو خط لکھ کر کہاکہ بی سی سی آئی آسٹریلیا دورے سے دونوں کرکٹرز کو وطن بلا کر اور انہیں کرکٹ سرگرمیوں سے مکمل طور معطل کر سزا دے چکا ہے ۔ بی سی سی آئی کے اس فیصلے کو نو دن ہو چکے ہیں۔ میرا سي اواے اور بورڈ عہدیداروں سے مطالبہ ہے کہ اس مسئلے کو ترجیحی بنیاد پر حل کرنے کے لئے میٹنگ بلائی جائے اور اس معاملے پر بحث کی جائے ۔ نگراں صدر نے کہاکہ پانڈیا اور راہل نے جو کیا وہ انتہائی غیر مناسب اور غلط تھا لیکن میری ذاتی رائے میں ان کے ساتھ قانون توڑنے والا جیسا سلوک کیا جانا بھی ایک غلطی ہے ۔ انہوں نے غلطی کی جس کے لئے انہیں پہلے ہی معطل کیا جا چکا ہے اور انہیں آسٹریلیا میں سیریز سے واپس بلا لیا گیا تھا۔کھنہ نے ساتھ ہی کہاکہ دونوں کرکٹر غیر مشروط معافی مانگ چکے ہیں۔ ہندستانی کرکٹ کے مفادات کے پیش نظر ان کے میدان کے باہر کا یہ غیر شائستہ طرز عمل کو فوری طور پر بہتر بنانے پر غور کرنا چاہیے لیکن ان کے کیریئر کو نہیں لٹکانا چاہئے ۔نگراں صدر نے تجویز دیتے ہوئے کہاکہ میرا مشورہ ہے کہ اس معاملے میں تفتیش مکمل ہونے تک دونوں ہندستانی کرکٹروں کو فوری طور پر ہندستانی ٹیم میں شامل کیا جانا چاہئے اور انہیں نیوزی لینڈ کے دورے میں ٹیم کے ساتھ جڑنے کی فوری اجازت دی جانی چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ دونوں کھلاڑیوں کو چار ماہ بعد شروع ہونے والے ورلڈ کپ سے پہلے میچوں کی ضرورت ہے ۔ ہمیں ان ابھرتے ہوئے کرکٹروں کو خود کو اخلاقی طور پر بہتر بنانے کا موقع دینا چاہئے ۔ دونوں باصلاحیت کرکٹر ہیں جو ایک انٹرٹینمنٹ شو میں غلط سمت میں چلے گئے تھے ۔ انہوں نے معذرت کی ہے اور کہا کہ ایسی غلطی دوبارہ نہیں ہوگی۔یو این آئی ۔