سرینگر //پیر پنچال کے آر پار بالائی علاقوں میں اتوار کو بھی ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں معمولی بارش ہوئی ۔اس دوران محکمہ موسمیات نے ایک مرتبہ پھر اگلے 24گھنٹوں کے دوران وادی کے بالائی اور میدانی علاقوں میں بھاری سے درمیانہ درجہ کی برف باری کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق اتوار کو سرینگر میں موسم ابرآلود رہا جبکہ ضلع کپوارہ میں 1.1 ملی میٹر بارش ہوئی ۔ اسی طرح قاضی گنڈ ، کوکرناگ ، گلمرگ پہلگام اور بانہال میں ہلکی برف باری ہوئی ۔ ترجمان کے مطابق جموں میں 2.2ملی میٹر ، بٹوٹ میں 0.6ملی میٹر ، کٹرہ میں 0.8ملی میٹر اور بھدرواہ میں 0.6ملی میٹر بارش ہوئی ۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اتوار کو سرینگر میں موسم ابر آلودرہا اور کچھ ایک علاقوں میں ہلکی بوندا باندی ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ اتوار اور سوموار کی درمیانی رات کو وادی کے بالائی اور میدانی علاقوں میں برف باری اور بارشیں ہو ں گی اور 22جنوری کو بھی برف باری کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے ۔ برف باری کے پیش نظر صوبائی انتظامیہ نے اگلے 24گھنٹوں کے دوران بارہمولہ اور کپوارہ ضلع کے بالائی علاقوں کیلئے بھاری برفانی تودے گرنے کی وارننگ جاری کی ہے جبکہ پونچھ ، راجوری ، کشتواڑ ، اننت ناگ، بانڈی پورہ ،بڈگام اور گاندربل علاقوں کیلئے درمیانہ درجہ کی وارننگ جاری ہوئی ہے۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ خراب موسم کے چلتے بالائی علاقوں کا سفر کرنے سے گریز کریں ۔اس دوران محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے پیش نظر محکمہ ٹریفک نے بھی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں کو سفر پر جانے سے پہلے موسم کی صورتحال کے بارے میں جانکاری حاصل کرنی چاہئے ۔ ادھربانہال سے محمد تسکین کے مطابق اتوار شام سے بانہال کے نچلے علاقوں میں بارشیں اور بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ شروع ہوا ۔ تاہم اتوار کو جموں سرینگر شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت جاری تھی اور اس دوران بانہال اور رام بن کے درمیان کئی مقامات پر وقفے وقفے سے ٹریفک جام بھی رہا۔کپوارہ سے اشراف چراغ نے اطلاع دی ہے کہ ضلع کے میدانی علاقوں میں اتوار کو پورا دن موسم صاف رہا تاہم شام ہوتے ہی تازہ برف باری کا سلسلہ شروع ہو ا جبکہ ضلع کے بالائی علاقوں میں اتوار کو پورا دن ہلکی بارشوں کے ساتھ برف باری ہوتی رہی ۔ کنگن سے غلام نبی رینہ کے مطابق سنیچر اور اتوا ر کی درمیانی رات کو سونہ مرگ گگن گیر ،گنڈ اور کلن میں بھاری برف باری ہوئی جبکہ اتوار کو شام دیر گئے تک ان علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری تھا ۔ ادھر گلمرگ کے بالائی علاقوں میں بھی شام دیر گئے برف باری کا سلسلہ شروع ہوا ہے ۔بانڈی پورہ ، گاندربل ، بڈگام ، پلوامہ ، شوپیاں کولگام اور اننت ناگ میں اتوار کو دن بھر موسم ابرآلودرہاا ۔اوڑی سے ظفر اقبال کے مطابق اتوار کی شام سے بالائی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ۔