سرینگر //پیرپنچال کے آر پار اتوار کی شام کو شروع ہوئی تازہ برف باری اور بارشوں کا سلسلہ سوموار بھی دن بھرجاری رہا جس کے نتیجے میں وادی کا زمینی اور فضائی رابطہ پوری دنیا سے کٹ کر رہ گیا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ اگلے 24گھنٹوں تک پیر پنچال کے آر پار درمیانہ سے بھاری درجے کی بارشیں اور برفباری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائیں ریاست میں داخل ہوچکی ہیں اور ان کا اثر بدھ سے کم ہونا شروع ہوجائے گا۔ادھر صوبائی انتظامیہ نے پہلے سے ہی بالائی علاقوں کیلئے وارننگ جاری کرتے ہوئے لوگوں سے تلقین کی ہے کہ وہ خراب موسم کے پیش نظر ان علاقوں کا سفر نہ کریں کیونکہ ان علاقوں میں پسیاں اور پتھر گرنے کا خطرہ لاحق ہو گیا ہے ۔مطلع ابرآلودرہنے اور دھند کی وجہ سے سوموار کو وادی کا فضائی رابطہ بھی متاثر رہا۔ایس ایس پی ائیر پورٹ طاہر سلیم نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سرینگر ائیرپورٹ سے 4پروازیں اڑان نہیں بھر پائیں جبکہ11پروازیں معمول کے مطابق لیکن تاخیر سے چلیں ۔بانہال سے محمد تسکین کے مطابق جموں سرینگر شاہراہ کو تازہ برفباری کے بعد ٹریفک کیلئے بندکیا گیا ہے۔ٹریفک حکام کے مطابق بانہال اور آس پاس علاقے میںشاہراہ پر کم و بیش2 فٹ برف جمع ہوگئی ہے۔حکام کے مطابق مسافروں کے تحفظ کی خاطرکسی بھی گاڑی کو شاہراہ پر کسی بھی طرف سے چلنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔
وسطی کشمیر
شہر سرینگر میں اتوار کی شام کو تازہ برف باری کا سلسلہ شروع ہوا تھا تاہم سوموار کی صبح یہ سلسلہ تھم گیا اور دن بھر وقفے وقفے سے بارشیں ہوئیں جو شام دیر گئے تک جاری تھیں ، پہاڑی علاقوں میں بارشوں اور برف باری کے نتیجے میں دن بھر ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں جس سے ٹھنڈ میں شدید اضافہ ہو گیا ۔گاندربل سے ارشاد احمد کے مطابق ضلع کے میدانی اور بالائی علاقوں میں وقفے وقفے کے ساتھ بارش اور برف باری ہوتی رہی ۔کنگن سے غلام نبی رینہ کے مطابق گنڈ ،سونہ مرگ،گگن گیر میں اتوار کی رات سے شروع ہوئی برف باری کا سلسلہ سوموار کو بھی دن بھر جاری رہا جس کے نتیجے میں معمولات زندگی متاثر ہوئی جبکہ کنگن ، گگن گیر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد رفت بھی معطل رہی ۔سونہ مرگ میں 4 فٹ،گگن گیر 2.5فٹ کلن ،گنڈ میں 2 فٹ برف ریکارڑ کی گئی ۔آخری اطلاعات ملنے تک ان علاقوں میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری تھا ۔ اس دوران ضلع انتظامیہ گاندربل نے الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لئے متحرک رہنے کی ہدایت دی ہے۔ بڈگام ضلع کے بالائی علاقوں میں بھی اتوار کو ہلکی سے درمیانہ درجہ کی برف باری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں سوموار کو دن بھر بارشوں کا سلسلہ جاری رہا ۔
شمالی کشمیر
بارہمولہ سے فیاض بخاری کے مطابق ضلع میں اتوار کی شام سے ہلکی برف باری کا سلسلہ شروع ہواجو سوموار کو دن بھر شدید ہوتا گیا ۔گلمرگ ،ٹنگمرگ ،رفیع آباد کے علاوہ قصبہ بارہمولہ ، حاجی بل ،نارواو ، بونیار اور دیگر میدانی اور بالائی علاقوں میں بھاری برف باری ہوئی جس کی وجہ سے ان علاقوں کے بیشتر دیہات تحصیل ہیڈ کوارٹر سے منقطع ہوگئے جبکہ سرینگر مظفر آباد شاہراہ پرکئی جگہوں پر پھسلن پیدا ہوئی جس کے نتیجے میں شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد رفت متاثر ہوئی۔ادھر ایس ڈی ایم گلمرگ نے ،درنگ ،سرنز اور گلمرگ میں برفانی تودوں کی کی وارننگ جاری کی۔ اوڑی سے ظفر اقبال کے مطابق اتوار کو متعدد علاقوں میں بارشوں کے ساتھ درمیانہ درجہ کی برف باری ہوئی جوسوموارشام تک وقفے وقفے تک جاری تھی ۔برف باری کے نتیجے میں بونیار اور اوڑی کے متعدد دیہات چوٹالی ، سلاسن ، کورالی ، دردن ، ہرنیٹ میدان ، بانالی وغیرہ کی رابطہ سڑکیں تحصیل ہیڈکوارٹر سے کٹ کر رہ گئی ۔بانڈی پورہ سے عازم جان کے مطابق ضلع کے میدانی علاقوں میں اتوار کی شام سے شروع ہوا بارشوں کا سلسلہ سوموار کو بھی دن بھر جاری رہا جبکہ بالائی علاقوں میں برف باری ہو رہی تھی ۔ضلع کے اٹھ وتو ، پانار ، آلوسہ کی رابطہ سڑکوں سے ابھی تک برف نہیں ہٹائی گئی ۔ کپوارہ سے اشرف چراغ کے مطابق ضلع کے بالائی علاقوں میں بھاری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکوں پر برف جمع ہونے کے باعث عبور و مرور اور گا ڑیو ں کی آمد ورفت مکمل طور پر متاثر ہو گئی ہے ۔سوموار کی صبح تک ضلع کے بالائی علاقوں میں ایک فٹ برف جمع ہوئی تھی جبکہ میدانی علاقوں میں 6سے7انچ برف ریکارڈ کی گئی ۔بھاری برف باری کے نتیجے میں اکثر و بیشتر سڑکیں بند ہوگئی ہیں اور گا ڑیو ں کی نقل و حمل دن بھر متاثر رہی۔ برف باری کی وجہ سے بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے اور اتوار کی شام سے ہی متعدد علاقوں میں بجلی سپلائی بھی متاثر ہوئی ۔اس دوران ضلع کے حد متارکہ پر واقع کیرن ،مژھل ،جمہ گنڈ اور بڈنمل کا گزشتہ 18روز سے ضلع صدر مقام سے رابطہ ہنوز منقطع ہے جبکہ چوکی بل کرناہ سڑک گزشتہ 4روز سے بند پڑی ہے۔
جنوبی کشمیر
شوپیاں سے شاہد ٹاک کے مطابق ضلع میں اتوار کی شام سے جاری برف باری کا سلسلہ سوموار کو بھی وقفے وقفے سے جاری رہی جس کے نتیجے میں ضلع میں معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئی ۔ضلع کے ہیر پورہ میں تازہ 3فٹ برف جمع ہوئی جبکہ سدھو اور چھوٹی پورہ میں 2فٹ تازہ برف ریکارڈ کی گئی ۔ اسی طرح شوپیاں قصبہ میں تازہ 8انچ برف اتور کی شام دیر گئے تک جمع ہو گئی تھی۔ آخری اطلاعات ملنے تک ان علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری تھا ۔پلوامہ سے اطلاع ہے کہ اتوار کی صبح سے ضلع میں دن بھر وقفے وقفے سے بارشوں کے ساتھ ہلکی بوندا باندی ہوئی ۔کولگام سے خالد جاوید کے مطابق ضلع میں اتوار کو دن بھی بارشیں ہوتی رہیں جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی ۔اننت ناگ سے ملک عبدالسلام اور عارف بلوچ کے مطابق ضلع میںسوموار شام دیر گئے تک وقفہ وقفہ سے برف وباراں کا سلسلہ جاری تھا۔۔ادھر پہلگام اور کپرن کے اوپری علاقوں میں برفباری ہوئی۔اس بیچ جواہر ٹنل کے اس پاس قریباً 2فٹ برف ریکارڈ کی گئی ہے۔
سونم لوٹس
محکمہ موسمیات کے علاقائی ڈائریکٹرسونم لوٹس نے خبردارکیاکہ 24جنوری تک کشمیروادی ،لداخ ،خطہ پرپنچال اوروادی چناب کے میدانی اوربالائی علاقوں میںدرمیانہ سے بھاری برف باری ہوسکتی ہے، جسکے نتیجے میں اہم اورلازمی خدمات متاثرہوسکتی ہیں ۔سونم لوٹس نے بتایاکہ منگل اوربدھ کوپیرپنچال کے آرپاربشمول لداخ میں بڑے پیمانے پر برف باری ہوسکتی ہے۔انہوں نے بالائی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کومشورہ دیاکہ وہ اگلے کچھ دنو ں کیلئے اپنی نقل وحمل کوکم کریں۔