جموں//ریاستی حکومت نے حال ہی میں قائم کئے گئے انسداد رشوت ستانی بیوروکیلئے مرحلہ وار ڈھنگ سے مزید 6پولیس سٹیشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جہاں 2018-19میں2پولیس سٹیشن ڈوڈہ اور اننت ناگ میں قائم کر دئیے گئے ہیں ،وہیں رواں مالی برس2019-20کے دوران بارہمولہ اور راجوری میں جب کہ 2020-21 کے دوران ادہم پور اور سنٹرل اینٹی کورپشن بیورو تھانے قائم کئے جائیں گے۔ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری حکمنامہ 5-GAD(vig)مورخہ21جنوری 2019کے مطابق جموں اور سرینگر کے ویجی لنس پولیس سٹیشن اب انہی مقامات پر اینٹی کورپشن پولیس سٹیشنوں کے طور پر کام کریں گے۔ اسی اثنا میں بیورو کے لئے 398اسامیاں بھی مرحلہ وار ڈھنگ سے پیدا کی جائیں گی، ان میں ایک ڈی آئی جی، ایک ایس پی، 4پراسیکیوٹنگ افسران، 5اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر سول، 12ڈی ایس پی، ایک سینئر پراسیکیوٹنگ افسر، اسسٹنٹ پروگرامر اور اسسٹنٹ اکائونٹس افسر کی پانچ پانچ، پراسیکوٹنگ افسر کی ایک، انسپکٹروں کی 38، سب انسپکٹروں کی 25، نائب تحصیلدار 7، جونئر سٹینو گرافر کی 2جونئر انجینئر سول5، اے ایس آئی 19، سٹینو ٹائپسٹ 14، ہیڈ کانسٹبل کی 57، اکائونٹس اسسٹنٹ کی 7، سینئر اسسٹنٹ کی ایک ،گردائور6جونئر اسسٹنٹ 44، کانسٹبل 137ور ڈاٹا انٹر اوپریٹر کی ایک اسامی شامل ہے ۔ پہلے مرحلہ میں اننت ناگ اور ڈوڈہ تھانہ کے لئے 65/65، دوسرے مرحلہ میں بارہمولہ اور راجوری کے لئے بالترتیب 70اور 69اسامیاں جب کہ تیسرے اور آخری مرحلہ میں اینٹی کورپشن پولیس تھانہ سنٹرل کے لئے66اور ادہم پورکیلئے 63 اسامیاں پیدا کی جائیں گی۔
اینٹی کورپشن پولیس تھانوں کی حدود کا تعین
جموں// اینٹی کورپشن بیورو کے موجودہ پولیس تھانوں کی حدود متعین کر دی گئی ہیں۔ پیر کے روز حکومت کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پولیس سٹیشن اینٹی کورپشن بیورو جموں کی حدود ضلع جموں، سانبہ، کٹھوعہ ، ریاسی ، راجوری اور پونچھ پر محیط ہو گی ۔ ڈوڈہ پولیس سٹیشن ڈوڈہ، کشتواڑ، رام بن اور ادہم پور اضلاع پر مشتمل ہوگا۔ ضلع سرینگر، بڈگام، گاندر بل، بارہمولہ، بانڈی پورہ، کپوارہ، لیہہ اور کرگل اینٹی کورپشن تھانہ سرینگر کی عملداری میں شامل کئے گئے ہیں تو پولیس سٹیشن اننت ناگ ضلع پلوامہ، شوپیاں، کولگام اور اننت ناگ پر مشتمل ہے ۔