اسلام آباد//پاکستان نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ گولی سے بات کرے گا تو اسے گولی سے ہی جواب دیا جائے گا۔دفتر خارجہ ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارت کی جانب سے پیلٹ گنز کے استعمال کا سلسلہ جاری ہے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بات کی ہے۔انکا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر کے ساتھ بھی کشمیر کا معاملہ اٹھایا ہے، جب وہ حال ہی میں پاکستان کے دورے پر تھی۔ترجمان دفتر خارجہ نے خبردار کیا کہ بھارت اگر گولی سے بات کرے گا تو گولی سے جواب دیں گے، بھارت امن کی بات کرے گا تو امن سے بات کریں گے، پاک فوج بھارتی فائرنگ کا بھرپور جواب دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 21 جنوری کو بھارت کو کرتار پور راہداری منصوبے کا مسودہ اور پلان بھیجا اور ہم نے بھارت کو معاہدے کو حتمی شکل دینے کیلئے وفد بھیجنے کی درخواست کی تاہم بھارت نے جواب میں بچکانہ انداز میں پاکستانی وفد دہلی بھیجنے کیلئے دو تاریخوں کا تعین کردیا، اب پاکستان کا جواب انتہائی سنجیدہ ہوگا جو کچھ دنوں میں دیں گے۔
سندربنی اورنوشہرہ سیکٹروں میں گولہ باری
فوج کا پورٹر زخمی
راجوری /سمت بھارگو/ ہندوپاک افواج کے درمیان راجوری کے نوشہرہ اور سندر بنی سیکٹروں میں شدید گولہ باری کا تبادلہ ہواہے جس کے نتیجہ میں فوج کے ساتھ بطور پورٹر کام کرنے والاایک شخص زخمی ہوا ۔جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی سندربنی کے ددال اور نوشہرہ کے جھنگڑ سیکٹروں کی گئی ۔دفاعی ذرائع نے بتایاکہ صبح 9بج کر 15منٹ پر پاکستانی فوج نے سندربنی کے ددال علاقے میں اشتعال انگیز فائرنگ اور گولہ باری شروع کردی جس کے رد عمل میں بھارتی فوج نے بھی بھرپور کارروائی کی ۔ پاکستانی فوج کی طرف سے بھارتی فوج کی اگلی چوکیوں کو نشانہ بناگیا اور کئی مارٹر شیل رہائشی آبادی والے علاقوں میں آن گرے تاہم اس دوران کسی طرح کا کوئی جانی نقصان نہیںہوا۔ نوشہرہ کے جھنگڑسیکٹر میں مبینہ طور پر سنائپر حملے میں فوج کے ساتھ بطور پورٹر کام کرنے والا شخص زخمی ہوگیاہے جس کی شناخت چھوٹو رام ولد داس ساکن سہر نوشہرہ کے طور پر ہوئی ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ چھوٹو رام کو گولی سے نشانہ بنایاگیا اور اسے زخمی حالت میں نزدیکی طبی سنٹر منتقل کیاگیا ۔