ترال+کنگن//ترال میں نامعلوم بندوق برداروں نے ایک بینک گارڈ پر گولیاں چلا کر اسے شدید زخمی کردیا جبکہ بڈگام میں پولیس کے ایک ہیڈکانسٹیبل نے خودکشی کی اور کنگن میں فورسز کا ایک افسر دماغ کی نس پھٹ جانے سے فوت ہوا۔ترال قصبہ میں سوموار کو نامعلوم بندوق برداروں نے ترال بالا میں آب گھر کے نزدیک گھر کی طرف جارہے بینک گارڈ38سالہ طارق احمد وانی ولد عبدالرشید ساکن ریشی پورہ ترال پر گولیاں چلائیں ۔فائرنگ کے نتیجے میں مذکورہ شخص شدید زخمی ہوا ،جسے فوری طور پر سب ضلع اسپتال ترال میں داخل کیا گیا جہاں سے انہیں سرینگر منتقل کردیا گیا۔اسکی ٹانگوں اور پیٹ میں گولیاں لگی ہیں اور حالت خطرے سے باہر نہیں۔بتایا جاتا ہے کہ وہ سابق فوجی بھی ہے۔پولیس نے فائرنگ کے واقعہ کے حوالے سے ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ۔فائرنگ کے واقعہ کے بعد فوج وفورسز نے علاقے کا محاصرہ کیا ۔ادھر نودال ترال میں فورسز نے جنگجوئوں کی موجود گی کی اطلاع ملنے کے بعد بستی کو بعد دوپہر محاصرے میں لیا۔اس دوران فورسز نے گھر گھر تلاشی بھی لی۔تاہم کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ادھربڈگام ضلع میں سوموار کی صبح ایک پولیس اہلکار نے اپنی ہی سروس رائفل سے اپنا کام تمام کیا۔ معلوم ہو اکہ بڈگام پولیس لائنزمیں تعینات محمد شفیع میر ولد محمد اسماعیل میر ساکن سدورہ اننت نا گ نامی ایک ہیڈ کانسٹیبل نے سوموار کی صبح اپنی سروس رائفل سے اپنی زند گی کا خاتمہ کیا۔ ایس پی بڈگام آمود ناگپورے نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سوموار کی صبح ضلع پولیس لائنز پر تعینات ایک پولیس اہلکار نے اپنی ہی سروس رائفل سے اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس واقعے کی تحقیقات کررہی ہے۔ ادھرگاند بل میں سی آر پی ایف کا ایک اسسٹنٹ کمانڈنٹ دماغ کی نس پھٹ جانے سے فوت ضلع گاندربل کے کنگن علاقے میں سوموار کو سی آر پی ایف118بٹالین کا ایک اسسٹنٹ کمانڈنٹ دماغ کی نس پھٹ جانے سے فوت ہوا۔ کنگن کے گنڈ علاقے میں قائم کیمپ میں تعینات ایک اسسٹنٹ کمانڈنٹ اچانک بے ہوش ہوا اور اس کے منہ اور ناک سے خون بہنے لگا۔کمانڈنٹ کو بے ہوشی کے عالم میں ہی نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ بیٹھا۔فوت شدہ اسسٹنٹ کمانڈنٹ کی شناخت رویندر کمار ساکن اتر پردیش کے بطور ہوئی ہے ۔ادھر خبر رساں ایجنسی جی این ایس کے مطابق ووسن پٹن میں فورسز کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا۔بتایا جاتا ہے کہ ایک ویگنار گاڑی کو پولیس ناکہ ووسن پتن میں رکنے کا اشارہ کیا لیکن گاڑی فرار ہوئے جس کے بعد کچھ ورننگ فائر کئے گئے جس کے نتیجے میں مشتاق احمد پرے ولد غلام محمد ساکن کھائی ٹنگ بارہمولہ زخمی ہوا جبکہ منظور احمد لون ولد عبدالکریم ساکن کھائی ٹینگ بارہمولہ فرار ہوا اور بتایا جاتا ہے کہ اسکی ٹانگ میں بھی گولی لگی ہے۔تاہم سرکاری طر پر اسکی تصدیق نہیں ہوسکی۔واقعہ کے بعد ڈرائیور سمیت گاڑی میں سوار 2افراد کو حراست میں لیا گیا جنکی شناخت مشتاق وار ولد بشیر وار اور جاوید ڈار ولد غلام رسول ساکنان خان پورہ بارہمولہ شامل ہیں۔تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ ووسن پٹن میں کوئی حملہ نہیں ہوا۔البتہ ایک کار کو رکنے کا شارہ کیا گیا ، جو نہیں رکی، جس کے بعد ہوا میں کچھ فائر کئے گئے جن سے کوئی نقصان نہیں ہوا، البتہ ڈرائیور کو حراست میں لیا گیا۔