جموں//پیر کے روز جموں اور کٹھوعہ اضلاع میں کنٹرول لائن اور بین الاقوامی سرحد پر کشیدگی رہی، جہاں اکھنور سیکٹر میں بارودی سرنگ دھماکہ میں ایک اہلکار زخمی ہو گیا وہیں ہیر انگر سیکٹر میں دونوں ممالک کی افواج کے درمیان فائرنگ ہوئی۔ دفاعی ترجمان نے بتایا کہ ہیرا نگر سیکٹر کی ہر اول چوکی چندوان میں بی ایس ایف کے جوان نقصان زدہ باڑ کی مرمت کر رہے تھے کہ 12:40بجے پاکستانی رینجرز نے مرمت کے کام میں لگائی گئی JCBمشین کو نشانہ بنا کر بے دریغ فائرنگ شروع کر دی۔دریں اثنا کنٹرول لائن پر بارودی سرنگ کے دھماکہ میں ایک فوجی اہلکار زخمی ہو گیا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ دوپہر ایک بجے کے قریب کھوڑ اکھنور سیکٹر کے کیری لالیالی گائوں میں معمول کی گشت کے دوران ایک فوجی اہلکار کا پائوں زیر زمین بچھائی گئی بارودی سرنگ پر جا پڑا اور ایک دھماکہ کے ساتھ پھٹ گئی جس کے نتیجہ میں فوجی اہلکار رائفل مین شنکر سنگھ زخمی ہوا۔واضح رہے کہ چند ہفتے قبل نوشہرہ سیکٹر کے لام علاقہ میں کنٹرول لائن کے قریب مشتبہ جنگجوئوںکی طرف سے نصب کی گئی آئی ای ڈی کے دھماکہ میں ایک فوجی میجر اور ایک جوان کی موت واقع ہو گئی تھی۔