سرینگر // جموں وکشمیر سب جونیئر آئیس ہاکی چمپین شپ کا منگل کو باضابط طورپر کرگل میں آغاز ہوا ہے ۔ ضلع پولیس لائنز اور کرگل آئیس اینڈ سنو سپورٹس کلب (کے آئی ایس ایس سی) کے اشتراک سے تین روز تک جاری رہنے والے اس ٹورنمنٹ میں متعدد ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ٹورنمنٹ کرگل کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے چا رسب جونیئر ٹیموں کے مابین کھیلا جائے گا۔ ٹورنمنٹ کا فائنل میچ 30جنوری 2019کو کھیلا جا ئے گا۔ ایس پی کرگل ونود کمار نے ٹورنمنٹ کی افتتاحی رسم انجام دی۔ کڑاکے کی ٹھنڈ کے باوجود بھی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے اس تقریب میں شرکت کی۔ اس موقعے پر ایس پی کرگل نے کہاکہ اس طرح کی کھیلوں کا انعقاد جسمانی نشود نما کیلئے بے حد ضروری ہے اور آئیس ہاکی ٹورنمنٹ منعقد کرنے سے کرگل میں سرمائی کھیلوں کو فروغ حاصل ہوگا ۔انہوںنے مزید کہا کہ اگرچہ ملکی سطح پر آئیس ہاکی ٹورنمنٹ محدود پیمانے پر کھیلی جارہی ہے تاہم لداخ میں اس طرح کی کھیلوں کیلئے تمام تر وسائل اور سہولیات دستیاب ہے۔ اس موقعے پر اے ڈی سی کرگل سونہ چوسجار ،ڈی ایس پی ہیڈ کواٹر کرگل مجاہد الحق کے آئی ایس ایس سی کے جنرل سیکریٹری امان علی خان ، انسپکٹر محمد نثار کے علاوہ دیگر آفیسران بھی موجود رہے۔ اس ٹورنمنٹ کے بعد ضلع پولیس کرگل کی جانب سے دراس سب ڈویژن میں بھی آئیس ہاکی ٹورنمنٹ کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے۔