سرینگر//نٹی پورہ سرینگرکے ایک نوجوان نے ہتھیار اٹھائے ہیں۔ 22سالہ نوجوان کی بندوق اٹھائی ہوئی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے ۔ادھروالدین نے نوجوان سے واپس آنے کی اپیل کی ہے ۔سرینگر کے نٹی پورہ علاقے سے تعلق رکھنے والے22سالہ نوجوان دانش حنیف ولد محمد حنیف 30دسمبر2018کو گھر سے نماز جمعہ ادا کرنے کے لئے نکلا اور لاپتہ ہوا ۔جس دوران افراد خانہ نے اسے ہر ممکنہ جگہ پر تلاش کرنے کی کوشش کی تاہم کوئی جانکاری نہیں ملی ۔جس کے بعد پولیس میں گمشد گی کی رپورٹ درج کی گئی ۔ سنیچر کی صبح دانش کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ۔ تصویر میں نوجوان کے ہاتھ میں ایک بندوق اورقرآن شریف دیکھا جاسکتا ہے اور لکھا گیا ہے کہ دانش عرف ابو دجانہ لشکر طیبہ میں 8جنوری کوشامل ہوا ہے۔افرادخانہ کے مطابق دانش نے کبھی بھی کسی احتجاج میں حصہ نہیں لیا اورنہ آج تک کبھی پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہوا ۔معلوم ہوا ہے کہ دانش نے بی کام کی ڈگری حاصل کی ہے ۔ نوجوان کے والدین اور دیگر افراد خانہ نے انہیں واپس گھر آنے کی اپیل کی ہے ۔