سی بی آئی کے اختیارات کا قضیہ،مغربی بنگال اور مرکزی حکومت میں ٹھن گئی

Kashmir Uzma News Desk
3 Min Read
کلکتہ//شاردا چٹ فنڈ گھپلہ کی جانچ نے اس وقت ڈرامائی شکل اختیار کرلی جب سی بی آئی کے افسران کلکتہ پولس کمشنر راجیو کمار کو گرفتار کرنے پہنچے  مگر کلکتہ پولس نے  سی بی آئی کے افسران کو ہی حراست میں لے لیا۔دوسری جانب سی بی آئی کے جوائنٹ ڈائریکٹر کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔دریں اثنا مرکزی حکومت نے کہا ہے کہ ممتا بنرجی حکومت آئینی بحران پیدا کررہی ہے۔سی بی آئی نے الزام عاید کیا ہے کہ کلکتہ پولس کے افسران نے کلکتہ میں واقع سی بی آئی کے دونوں دفاتر کا محاصر ہ کرلیا ہے۔سی بی آئی کو اندیشہ ہے کہ کلکتہ پولس شواہد کوبرباد کرسکتی ہے۔وہیں سی بی آئی نے کہا ہے کہ وہ راجیو کمار کے گھر گرفتار کرنے نہیں بلکہ پوچھ تاچھ کرنے کیلئے گئی تھی۔ذرائع کے مطابق سی بی آئی کے افسران آج شام کلکتہ پولس کمشنرراجیو کمار کو گرفتار کرنے کیلئے ان کے گھر پہنچے تھے۔یہ خبر ملتے ہی وزیرا علیٰ ممتا بنرجی بذات خود بنگال پولس کے اعلیٰ افسران کے ساتھ راجیو کمار کے گھر پہنچ گئیں اور کلکتہ پولس کے اہلکاروں  نے راجیو کمار کے گھر کا محاصرہ کرلیا۔راجیو کمار کے گھر پہنچے سی بی آئی کے افسران کو جبراً حراست میں لے کر شیکسپئر سرانی تھانے میں لے جایا گیا۔کلکتہ پولس کے ذرائع کے مطابق سی بی آئی کے پانچ افسران کو حراست  میں لے لیا گیا ہے۔وزیرا علیٰ ممتا بنرجی تادم تحریر راجیو کمار کے گھر میں موجود ہیں اور سینئر افسران کے ساتھ میٹنگ کررہی ہیں۔ کلکتہ کارپوریشن کے میئر اور سینئر ریاستی وزیر فرہاد حکیم بھی پہنچ گئے ہیں۔دوسری جانب کلکتہ پولس اہلکاروں  نے سی بی آئی کے دفتر سی جی او کمپلیکس کا محاصرہ کرلیا ہے۔سی بی آئی شاردا چٹ فنڈ گھپلہ کے معاملے میں راجیو کمار سے پوچھ تاچھ کرنا چاہتی تھی۔انہیں متعدد مرتبہ نوٹس دیا گیا تھا مگر وہ نوٹس کا جواب نہیں دے رہے تھے۔رات دیر گئے حراست میں لئے گئے سی بی آئی افسران کو رہا کردیا گیا ہے۔کولکتہ میں ڈرامائی صورتحال بنی ہوئی ہیء۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *