سرینگر / /شدید برف باری کے نتیجے میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے شہر سمیت وادی کے متعدد دیہات گزشتہ رات سے ہی بجلی سپلائی سے محروم ہیں ۔ اکثر دیہات میں بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے ہیں اور ترسیلی لائنیں بھی زمین پر پڑی ہوئی ہیں۔سرینگر کے بیشتر علاقے بجلی سے محروم ہیں۔اُدھر بانڈی پورہ ضلع میں زیر تعمیر ٹرانسمیشن لائن کا ایک بجلی ٹاور بھی برف سے گر گیا ہے ۔گاندربل کنگن ، بڈگام ، شوپیاں ، پلوامہ ، کولگام ، اننت ناگ کے علاوہ شمالی کشمیر کے کپوارہ ، بارہمولہ اوڑی ،سوپور ، پٹن لولاب ، کرالپورہ اورکرناہ گھپ اندھیرے میں ڈوب گئے ہیں ۔کنگن میںریسونگ اسٹیشن لار میں بجلی سپلائی منقطع ہونے سے لار،ولی وار،چونٹھ ولی وار،وتہ لار،بنہ ہامہ،کھرانہامہ،سمیت دیگر علاقوں میں بجلی سپلائی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ادھر شالہ بگ، ژھندنہ،واکورہ سمیت بیشتر علاقوں میں بھی بجلی سپلائی بدھ کی شام سے غائب ہے ۔بڈگام ضلع کے کھاگ ، بیروہ ، ماگام ، خانصاحب ،چرارشریف کے کئی علاقوں میں بھی بجلی سپلائی مکمل طور پر متاثر ہو گئی ہے۔ بانڈی پورہ سے عازم جان کے مطابق پتوشی بانڈی پورہ میں زیر تعمیر گرڈ اسٹیشن کی ٹرانسمیشن لائن کا تعمیر شدہ ٹاور برف باری سے اجس کے مقام پرگرگیا ہے۔یہ ٹرانسمیشن لائن 12برسوں سے بھی مکمل نہیں ہوسکی ہے۔شمالی کشمیر کے لئے دو ٹرانسمیشن لائنیں خراب ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے پورے شمالی کشمیر میں بجلی کا بریک ڈائون ہوا ہے۔بارہمولہ سے فیاض بخاری نے اطلاع دی ہے کہ ضلع کے رفیع آباد ، کنڈی علاقوں کے علاوہ ضلع کے متعدد دیہات میں بجلی سپلائی متاثر ہوئی ہے ۔سوپور ، ٹنگمرگ ، گلمرگ میں بھی بجلی کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا ہے ۔سوپور اور اس کے ملحقہ علاقوں میں جگہ جگہ پر بجلی کی ترسیلی لائنیں اور درخت گر جانے سے بدھوار کی شام سے ہی بجلی بند ہے ۔ کپوارہ سے اشرف چراغ کے مطابق کپوارہ ضلع کے کرناہ ، لولاب ، کرالپوارہ ، ہندوارہ کے متعدد دیہات بھی بجلی سپلائی سے محروم ہو گئے ہیں ۔شوپیاں سے شاہد ٹاک کے مطابق ضلع میں کل چھ بجے سے بجلی سپلائی منقطع ہے، اسکے علاوہ قصبہ سمیت پورے ضلع میں پینے کے پانی کی سخت قلت نے زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔کولگام سے خالد جاوید کے مطابق کل شام سے بجلی متاثر ہوئی ہے ۔ضلع میں کئی جگہوں پر بجلی کے کھمبے اور ترسیلی لائنیں زمین بوس ہو چکی ہیں ۔کولگام میں جمعرات کی شام تک 27فیڈروں میں سے صرف 3کام کررہے تھے جبکہ واٹر سپلائی سکمیں بھی بند ہوئی تھیں۔اننت ناگ سے ملک عبدالسلام کے مطابق ضلع کے کئی ایک علاقوں میں بجلی متاثر ہوئی ہے جس سے کئی علاقے گھپ اندھیرے میں ڈوب چکے ہیں ۔
وادی میں 400میگاواٹ بجلی کی کمی: چیف انجینئر
سرینگر/اشفاق سعید/ بھاری برف باری کی وجہ سے ترسیلی لائنوں میںخرابی آنے کے سبب وادی میں 400میگاواٹ بجلی کم ہو گئی ہے ۔محکمہ بجلی کے چیف انجینئر قاضی حشمت نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ محکمہ کے اہلکار برف باری کے دوران بھی خرابی دور کرنے میں لگے ہوئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ کولگام ، بڈگام، بارہمولہ اور کپوارہ میں لائنوں کو ٹھیک کرانے میں جمعہ پورا دن بھی لگ سکتا ہے جبکہ دیگر علاقوں میں بجلی سپلائی بھال کرنے کیلئے ملازمین کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خراب موسم کے پیش نظر محکمہ کو کام کرنے میں دقتیں پیش آرہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وادی میں اس وقت 1250میگاواٹ میں سے صرف 850میگاواٹ بجلی ہی دی جا رہی ہے اور اس طرح 400میگاواٹ بجلی کی کمی کا سامنا ہے ۔