سرینگر // فریڈم پارٹی کے محبوس سربراہ شبیر احمدشاہ کی ضمانتی درخواست کی شنوائی اور بحث کیلئے 23فروری کی تاریخ مقرر ہوئی ہے۔ شاہ جولائی 2017سے دلی کے تہار جیل میں ایام اسیری کاٹ رہے ہیں۔ انکی طرف سے ضمانتی درخواست دلی کی عدالت میں کچھ روز قبل پیش کی گئی تھی۔ شبیر شاہ کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے 2017میں ایک کیس کے سلسلے میں گرفتار کیا تھا ۔شاہ کیخلاف دائر کیس کی شنوائی گذشتہ روز پٹیالہ ہائوس کورٹ ،دلی میں ہوئی جس کے دوران کسی بحث کے بغیر اس کیس کی اگلی شنوائی کی تاریخ2اپریل مقرر ہوئی۔اگلی شنوائی مقرر کرتے وقت صرف اتنا بتایا گیا کہ کیس کا گواہ عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوا ہے۔شاہ کیخلاف کیس کے کم و بیش24گواہ نامزد کئے گئے ہیں جن میں سے اب تک صرف 5پیش عدالت ہوئے ہیں۔ ان گواہان میں ان کی اہلیہ ڈاکٹر بلقیس شاہ اور بھتیجا ارشد شاہ بھی شامل ہیں اور اُنہیں بھی عدالت کے سامنے پیش ہونے کیلئے نہیں کہا جارہا ہے۔