سرینگر // برف باری کے سبب پروازوں کے منسوخ ہونے کے نتیجے میں سعودی عرب سے فریضہ عمرہ کی ادائیگی کے بعد وادی لوٹ رہے سینکڑوں زائرین کو دو دن سے دہلی انٹر نیشنل ہوائی اڈہ پر درماندہ تھے، میں سے 180کو سرینگر لایا گیا۔درماندہ ہوئے زائرین نے کشمیر عظمیٰ کو فون کر کے بتایا تھاکہ وہ 2دن قبل جدہ سے دہلی ائیر پورٹ پہنچے ہیںاور تب سے اب تک درماندہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت قریب 70افراد گیٹ نمبر 4پر بیٹھ کر گھر جانے کا انتظار کر رہے ہیں،جبکہ گیٹ نمبر 29A,29B,39A,39Bپر بھی ایسے زائرین جمعہ کی صبح سے بیٹھے انتظار کر رہے ہیں۔انہوں نے ریاستی سرکار سے مطالبہ کیا کہ انہیں گھروں تک پہنچانے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے گورنر ستیہ پال ملک نے سری نگر اور دلی میں درماندہ ہوئے ان افراد کے لئے متبادل انتظامات کرنے کی ہدایت دی ۔مرکزی شہری ہوائی بازی سے استدعا کی گئی کہ وہ سعودی عرب سے دلی آئے کشمیری زائرین کو سرینگر پہنچانے کے لئے متبادل انتظام کریں۔ریاستی حکومت کی استدعا پر ائیر انڈیا کی پرواز نمبر 2827کے ذریعے 180زائرین کو دلی سے سری نگر پہنچایاگیا اور باقی مسافروں کوآج یعنی سنیچرکو سرینگر پہنچایا جائے گا۔اب مسافروں کے لئے ائیر انڈیا نے نئی دلی میں تمام انتظامات کئے ہیں۔ریذیڈنٹ کمشنر نئی دلی کی ایک ٹیم ان افراد کو ہر طرح کی سہولیت فراہم کرنے کے لئے ان کے ساتھ رابطے میں ہیں۔