جموں//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے کشمیر اور جموں صوبوں بالخصوص برف سے ڈھکے علاقوں میں غذائی اجناس ، ایل پی جی ، تیل خاکی ، پیٹرولیم اشیاء اور دیگر ضروریاتِ زندگی کو مناسب مقدار میں دستیاب کرانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ مشیر نے ڈویژنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان اور کمشنر سیکریٹری خوراک ، سول سپلائیز اور امور صارفین ڈاکٹر عبدالرشید کو ہدایات دیں کہ وہ ان دونوں صوبوں میں سٹاک اور سپلائی پوزیشن کا جائیزہ لیں ۔ انہوں نے صوبائی کمشنر سے کہا کہ وہ وادی کے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں اور کمشنر سیکرٹری کے ساتھ غذائی اجناس کی دستیابی کا جائیزہ لیں ۔ انہوں نے اسی طرح کی ہدایات جموں کے ڈویژنل کمشنر کو بھی دیں ۔ علاوہ ازیں مشیر موصوف نے دونوں صوبوں کے دور افتادہ اور برف سے ڈھکے علاقوں میں غذائی اجناس کی دستیابی ہر صورت میں یقینی بنانے کی ہدایات دیں ۔