سرینگر: سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل علیحدگی پسندوں کے وفاق، مشترکہ مزاحمتی قیادت نے بدھ شام دیر گئے کل یعنی جمعرات کیلئے دی گئی ہڑتال کال واپس لے لی۔
ایک بیان میں قیادت نے کہا کہ دلی سے بار ایسو سی ایشن سے وابستہ وکلاء نے اُنہیں مطلع کیا ہے کہ جاری فہرست میں جمعرات کو دفعہ35اے کیس کی سماعت نہیں رکھی گئی ہے اس لئے کل یعنی14فروری کیلئے دی گئی ہڑتال کال واپس لی جاتی ہے۔
قیادت نے تاہم وضاحت کی ہے کہ وکلاء کل بھی عدالت عظمیٰ میں ہی رہ کر صورتحال پر قریبی نظر رکھیں گے۔
واضح رہے کہ مشترکہ مزاحمتی قیادت نے آج اور کل دفعہ35اے کیس سے متعلق عدالت عظمی میں شنوائی کو مد نظر رکھتے ہوئے دو روزہ ہڑتال کی اپیل کی تھی۔
یہ آئینی دفعہ جموں کشمیر کے عوام کی خصوصی شہریت سے متعلق ہے جس کیخلاف عدالت عظمیٰ میں کئی درخواستیں موجود ہیں ۔