سرینگر/حریت کانفرنس (ع) کے ترجمان شاہد الاسلام، جس کو حراستی پیرول پر سرینگر لایا گیا تھا، کا پیرول ختم ہوتے ہی پھر دلی کے تہار جیل میں پہنچائے گئے ہیں۔
ذرائع نے کہا کہ شاہد کو فروری کے پہلے ہفتے کے دوران حراستی پیرول پر رہا کرکے سرینگر لایا گیا تھا۔ اُنہیں سرینگر میں رہتے ہوئے افراد خانہ کے بغیر کسی سے ملنے کی اجازت نہیں دی جارہی تھی۔انہیں دن بھر اپنے گھر میں رکھنے کے بعد شام کو رات کیلئے پولیس سٹیشن راج باغ منتقل کیاجاتا تھا۔
این آئی اے ذرائع کے مطابق شاہد کا حراستی پیرول 8فروری کو ختم ہوگیا تاہم موسم کی خرابی کے باعث اُنہیں دلی منتقل نہیں کیا جاسکا۔
ذرائع نے مزید کہا کہ شاہد کو آج دلی پہنچایا گیا ہے اور اُنہیں دوبارہ تہار جیل میں مقید رکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ شاہد سمیت کئی علیحدگی پسندوں کو جولائی 2017میں این آئی اے یا ای ڈی نے گرفتار کرکے دلی منتقل کیا۔ یہ سبھی گرفتار شدگان تہار جیل کے اندر مقید ہیں۔